EPAPER
Updated: February 09, 2022, 11:19 AM IST | Agency | Kaushambi
نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کیخلاف ایس پی اتحاد سے پر چہ داخل کرنے کے بعد ڈاکٹر پلوی پٹیل کا بیا ن ، اکھلیش کو وزیر اعلیٰ بنانے کا عزم
اترپردیش کی سراتھو اسمبلی سیٹ سے نائب وزیر اعلی کیشوپرساد موریہ کیخلاف الیکشن لڑنے میں پس وپیش کا شکار اپنا دل(کمیروادی) کی ڈاکٹر پلوی پٹیل نے منگل کو آخر کار سماج وادی پارٹی (ایس پی)اتحاد کے امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ داخل کردیا۔ اس موقع پر انہوں نے نائب وزیر اعلیٰ کو نکمہ بتا یا۔ انہوں نے ایس پی کے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنے کی تصدیق کی۔ ڈاکٹر پٹیل نے کلکٹریٹ پہنچ کر اپنا پرچہ داخل کیا اور بعد میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے موریہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا :’’اگر وہ سراتھو کے بیٹا ہیں تو میں کوشامبی کی بہو ہوں اور جب بیٹا نکمہ ہوجائے تو بہو کو باہر نکل کر ذمہ داری سنبھالنی پڑتی ہے۔‘‘
انہوں نے اپنی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے کہاـ:’’ ہمارے لیڈر سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو سماجی تبدیلی کی لڑائی لڑرہے ہیں۔ میں ان کی قیادت میں اس لڑائی کو آگے بڑھاؤں گی۔ اس بار ہمارا اتحاد ریاست کے اقتدار سے بی جے پی کو اکھاڑ پھینکنے میں کامیاب ہوگا اور اکھلیش یادو وزیر اعلیٰ بنیں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا :’’ ترقی کا مطلب صرف سڑک، بجلی اور کھڑنجا نہیں ہے۔ لوگوں کو پیٹ بھرنے کے لئے دو وقت کی روٹی کے ساتھ ساتھ کام بھی چاہئے ،اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔‘‘ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر پٹیل نے بتایا کہ وہ ایس پی کے سائیکل انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گی۔