پونے فورینسک لیباریٹری کی ٹیم این آئی اے کے دفتر میں ۔ این آئی اے کے آئی جی اور دیگر افسروں نے نئے پولیس کمشنر سے ملاقات کی
فورینسک ماہرین سچن وازے کی کار کا معائنہ کرتے ہوئے۔ (تصویر: آشیش راجے
صنعت کارمکیش امبانی کو دھمکانے اور اس سازش کا حصہ ہونے کے الزام میں گرفتارشدہ پولیس افسر سچن وازے کے خلاف این آئی اے نے یکے بعد دیگرے کئی ثبوت جمع کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اب تک کی تفتیش اور اس سازش میں استعمال ہونے والی اِنوا اور مہندرا اسکارپیو کے علاوہ اس نے۲؍ مرسیڈیز سمیت کل ۵؍ کاریں ضبط کی ہیں ۔
جمعرات کو این آئی اے نے سچن وازے کی رہائش گاہ کے قریب سے جو مرسیڈیز ضبط کی ہے ،اس کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ اس کے پہلے مالک نے بھی ۲؍ ماہ قبل اسے فروخت کردیا تھا ۔ یہی نہیں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس ( سی ایس ایم ٹی ) ریلوے اسٹیشن کے قریب سے جو کالے رنگ کی پہلی مرسیڈیز ضبط کی گئی تھی ،حیرت انگیز طو پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ۱۷؍ فروری کو جس دن اسکار پیو کے مالک من سکھ ہیرین نے وکھرولی پولیس اسٹیشن میں اس کے چوری ہونے کی شکایت درج کرائی ہے ، اسی دن سی سی ٹی وی فوٹیج میں من سنگھ پولیس آفیسر سچن وازے کے ساتھ سی ایس ایم ٹی ریلوے اسٹیشن کے قریب اسی کالے رنگ کی مرسیڈیز سے اترتے دکھائی دے رہاہے اور تقریباً ۱۰؍ منٹ تک دونوں ایک دوسرے سے بات کرتے نظر آرہے ہیں ۔ اس کے علاوہ این آئی اے نے اسی کالے رنگ کی ہی مرسیڈیز سے مٹی کے تیل کی بوتل اورجلے ہوئے کرتے کے علاوہ ۵؍ لاکھ روپے نقد اور نوٹ گننے کی مشین ضبط کی تھی۔تفتیشی ایجنسی کے بقول سچن وازے نے کار سے ضبط کیا گیا اپنا وہ کرتا اور پائجامہ ملنڈ چیک ناکہ کے قریب ساحلی جنگلات میں جلایا تھا جس میں ممکنہ طور پر پی پی کٹ بھی شامل تھا ۔ اس ضمن میں تفتیش کے لئے جمعہ کو پونے کی فورینسک لیباریٹری کے ماہرین کی ایک ٹیم این آئے اے کے دفتر پہنچی ہے ۔