EPAPER
Updated: April 19, 2021, 11:23 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے مطابق یہ سزا آئندہ ۶؍ماہ تک اس وقت تک نافذ رہے گی جب تک کوئی نیا آرڈر نہیں آجاتا
کوروناکی شدت کے پیش نظر ریلوے میں ماسک نہ لگانے والوں اورریلوے کی حدود میں تھوکنے والوں سے جرمانہ کی رقم ۵۰۰؍روپے کردی گئی ہے ۔ اس کا سبب کوروناکی احتیاطی تدابیر پر عمل کےتئیں سختی برتنا اور اس وباء پر قابو پانے کی کوشش ہے ۔ ریلو ے کی جانب سے یہ بھی واضح کیاگیا ہےکہ یہ جرمانہ آئندہ ۶؍ماہ تک اس وقت تک جاری رہے گا جب تک کہ مزید کوئی نیاآرڈر نہیںآجاتا ۔ واضح ہوکہ ریلوےمیںعام مسافروں کے سفر پرپابندی عائد کردی گئی ہے اوراب محض لازمی خدمات کے زمروں میں شامل کئے جانےوالوں کوہی سفر کی اجازت دی گئی ہے، اس کے باوجود یہ سختی کی جارہی ہے کیونکہ اب یہ کہا جارہا ہے کہ تھوکنے سےبھی یہ وبا پھیلتی ہے۔ سینٹرل ریلوے کےچیف پی آر اوشیواجی ستار نے نمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’ تحقیقاتی رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماسک لگانے سے کورونا سے محفوظ رکھنےمیں سب سےزیادہ مدد ملتی ہے اسی لئے سختی سے اس پرعمل کروانے کی کوشش کی جارہی ہے اورجرمانہ کی رقم میںاضافہ بھی اسی سختی کا ایک حصہ ہے۔اس کےعلاو مسافروں سے کہاجارہا ہے کہ وہ گندگی نہ کریں،سماجی فاصلہ قائم رکھیں اورجو ہدایات دی گئی ہیںان پرعمل کرکےازخود ایک ذمہ دارشہری کارول اداکریں تاکہ کوروناکوشکست دینےکی جوکوششیںجاری ہیں ،وہ کامیابی سے ہمکنارہوںاورلوگوں کوصحت بخش ماحول میسر آسکے۔‘‘
ویسٹرن ریلوےکے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکورنے انقلاب کوبتایاکہ’’ جرمانہ بڑھانے اور مزید۶؍ماہ تک اسے نافذ کرنے کا اسی لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا کی شدت میں روز بروزاضافہ ہورہا ہے اوراس کا سب سے کارگرعلاج احتیاط ہی ہے، اس کےباوجود دیکھاجارہا ہے کہ مسافر لاپروائی برت رہے ہیں۔‘‘ ان کایہ بھی کہناہے کہ ’’ بار بار متوجہ کرنے اورسختی کرنے کی وجہ یہی ہے کہ اگر احتیاط نہیںبرتی جائے گی توحالات پر قابو پانا مشکل ہوگا اوراس کے نتیجے میںیہ بھی ہوسکتاہے کہ مزیدسختی کا فیصلہ کیا جائے ۔اس لئے مسافر سفر کے دوران اور ریلوے علاقے میںآنے سے قبل ہی پوری احتیاط کے ساتھ آئیں اور کووڈ ۱۹؍کی ہدایات پرعمل کریںتاکہ وہ خود بھی اس خطرناک مرض سے بچیں اور دوسروں کوبھی محفوظ رکھنے میں مدد مل سکے ۔‘‘