EPAPER
Updated: April 01, 2020, 10:20 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai
بیسٹ ،ٹاٹا پاور اور اڈانی کو آج سے ہی شرحوں میں تخفیف کو نافذ کرنا ہوگا
مہاراشٹر کے رہائشی بجلی صارفین کو آج (یکم اپریل ) سے بجلی کے بل میں راحت ملنے جارہی ہے۔ بجلی کی شرح طے کرنے والے ادارہ ایم آی آر سی نے پیر کی شام جاری کئے گئے ایک حکم میں ریاست میں بجلی کی شرحوں میں تخفیف کردی ہے۔
تازہ شرحوں کے مطابق بیسٹ کے الیکٹرک صارفین کے بل میں ۱ء۴؍ فیصد، ٹاٹا پاور کے صارفین کو ۱۰؍ فیصد اور اڈانی الیکٹریسٹی کے صارفین کو ۱۲؍ فیصد تک کی راحت مل سکتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹریسٹی ڈسٹربیوشن کمپنی لمیٹڈ کے گھریلو صارفین کے بلوں میں ۵؍ فیصد کی کمی آئے گی۔ بقیہ کیلئے بجلی کی شرح آئندہ ۴؍ سال تک جوں کے توں رہے گی ۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اگراڈانی الیکٹریسٹی کا کوئی صارف ماہانہ ۳۰۰؍ یونٹ بجلی استعمال کرتا ہے تو اسے اس فیصلے سے ہر مہینے ۶؍ سوروپے تک کم بل ادا کرنا پڑے گا۔ جبکہ ماہانہ ۵۰۰؍ یونٹ بجلی استعمال کرنے والے ٹاٹا پاور کے گھریلو صارفین کو ایک ہزار ۲۹۵؍ روپے تک کا فائدہ ہوسکتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی صنعتوں کیلئے فراہم کی جانے والی بجلی کی شرح میں بھی تخفیف کی گئی ہے جو ۱۰؍سے ۱۲؍ فیصد تک ہے۔ صنعتوں کیلئے بجلی کی شرح میں کمی کافیصلہ ریاست میں صنعتی سرگرمیوں کو مزید تقویت دینے کی ایک کوشش کے طور پر دیکھاجارہا ہے۔ اس بیچ کسانوں کو صرف ایک فیصد کی کمی سے کام چلانا پڑےگا۔