Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی آر پی گھوٹالہ معاملے میں ارنب کو دی گئی راحت برقرار

Updated: February 13, 2021, 10:37 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ری پبلک ٹی وی کے ایڈیٹر اِن چیف ارنب گوسوامی اور اے آر جی آؤٹ لائیر میڈیا نے ممبئی پولیس کی جانب سے ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ ( ٹی آر پی ) گھوٹالہ معاملہ سے متعلق درج کردہ کیس کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کی ہے ۔

Arnab Goswami - Pic : INN
ارنب گوسوامی ۔ تصویر : آئی این این

ری پبلک ٹی وی کے ایڈیٹر اِن چیف ارنب گوسوامی اور اے آر جی آؤٹ لائیر میڈیا نے ممبئی پولیس کی جانب سے ٹیلی ویژن ریٹنگ پوائنٹ ( ٹی آر پی ) گھوٹالہ معاملہ سے متعلق درج کردہ کیس کے خلاف بامبے ہائی کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کی ہے ۔جمعہ کو اس پر ہونے والی سماعت کے دوران بامبے ہائی کورٹ نے ارنب گوسوامی کے خلاف کوئی سخت قدم نہ اٹھانے اور گرفتاری سے متعلق جاری کردہ فرمان میں توسیع کرتے ہوئے دی گئی راحت کو برقرار رکھا ہے ۔ارنب گوسوامی کو دی گئی راحت میں ۵؍ مارچ تک توسیع کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے سماعت کو ملتوی کر دیا ہے ۔
 جمعہ کو ٹی آر پی گھوٹالہ معاملہ میں سماعت شروع ہونے پر ممبئی پولیس کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل نے کہا کہ ’’ ہائی کورٹ کے روبرو جو عرضداشت داخل کی گئی ہے ، پولیس کی تفتیش میں پیش رفت اور ارنب کے خلاف پیش کردہ ثبوتوں کے بعد عرضداشت کے ذریعے کیس کو خارج کرنے کی اپیل بے معنیٰ ہوگئی ہے ۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ ارنب اور اے آر جی کے خلاف پیش کردہ ثبوتوں اور دستاویزات  ہائی کورٹ کے روبرو پیش کئے جانے کے بعد دفاعی وکیل ہریش سالوی نے ایسی کوئی دلیل یا دستاویزات فراہم نہیں کئے ہیں جن سے عرضداشت گزاروں کے مذکورہ بالا گھوٹالہ میں ملوث نے ہونے کا ثبوت ملتا ہو۔
 مذکورہ بالا سماعت کے دوران ہریش سالوے نے کورونا وائرس کی ویکسین لینے کا جواز پیش کرتے ہوئے ۱۶؍ مارچ تک کورٹ کے روبرو حاضر نہ ہونے کی اطلاع دی ۔اسی درمیان ایڈیشنل سولیسیٹر جنرل انل سنگھ نے کورٹ کو بتایا کہ ٹیکہ نہیں دیا گیا ہے لیکن جلد ہی ججوں اور وکلاء کو کووڈ۔۱۹؍ کا انجکشن دے دیا جائے گا ۔
  بامبے ہائی کورٹ کی دو رکنی بنچ کے جسٹس ایس ایس شندے اورجسٹس منیش پیٹالے نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کی جانے والی سماعت میں وکیل کپل سبل کے دلائل نوٹ کرتے ہوئے ارنب کو دی گئی راحت کو برقرار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت  ۵؍ مارچ تک کے لئے ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK