EPAPER
Updated: September 09, 2021, 7:43 AM IST | Washington
کینیڈا میں لوگ کورونا ویکسین کی مخالفت کر رہے ہیں اور اسکے خلاف مظاہرے جاری ہیں، جسٹن ٹروڈو نے واقعے کو اہمیت نہیں دی
کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کو انتخابات سے پہلے کچھ مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مخالفت کرنے والے وہ لوگ ہیں جو کورونا وائرس کی ویکسین کے بھی مخالف ہیں۔ گزشتہ پیر کو جب وہ بس کے ذریعے اپنی انتخابی مہم پر نکلے تو انہیں کچھ ایسے لوگوں کا سامنا کرنا پڑا جو ویکسین کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ٹیلی ویژن پر دکھائی گئی فوٹیج کے مطابق ایسا لگا کہ ٹروڈو اور ان کا ایک محافظ لنڈن اونٹاریو میں ایک بس کی جانب جا رہے تھے کہ سفید کنکر انہیں آکر لگے۔ اس سے پہلے گزشتہ ماہ کے آخر میں ان کی لبرل پارٹی نے ویکسین مخالف لوگوں کی جانب سے سیکورٹی خطرات کے پیشِ نظر ایک تقریب ملتوی کر دی تھی۔
تاہم، گلوبل نیوز ٹی وی کے رپورٹر ابی گیل بی مان نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وزیرِ اعظم ٹروڈو نےاس واقعے کے بعد کہا کہ ’’ہوسکتا ہےکہ میرے کندھے پر کچھ لگا ہو، پہلے بھی ایک مرتبہ کسی نے کدو کے بیج مجھ پر پھینکے تھے۔‘‘پیر کو اس سے پہلے ٹروڈو نے ویکسین کی مخالفت کرنے پر اپنے قدامت پسند مخالف امیدوار ایرن او ٹولز پر سخت نکتہ چینی کی تھی اور ویکسین مخالف نعرے لگانے والوں کو مشتعل ہجوم قرار دیا تھا۔ٹروڈو کا کہنا تھا ایرن او ٹولز اپنی گفتگو کے موضوعات ویکسین کے مخالف ہجوم سے حاصل کرتے ہیں۔کینیڈا میں صدارتی انتخابات کے ۷۴؍ امیدوار ویکسین کی مکمل خوراکیں حاصل کر چکے ہیں مگر اس وقت ملک میں وباء کی چوتھی لہر پیدا ہو رہی ہے اور زیادہ تر وہ لوگ اس کا شکار ہو رہے ہیں جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہے۔
واضح رہے کہ یہاں ۲۰؍ستمبر کو الیکشن ہونے والے ہیںجس میں لبرلس اور کنزرویٹوس میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں میں دونوں ہی تقریباً یکساں مقبولیت رکھتے ہیں۔ ۴۹؍سالہ جسٹن ٹروڈو نے اپنے مدِ مقابل اوٹولز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گن کنٹرول کے معاملے میں وہ اپنا مؤقف واضح کرنے میں ہچکچا رہے ہیں۔ اس سے قبل او ٹولز نے بعض قسم کی بندوقوں کو ختم کرنے کے بارے میں اپنا انتخابی وعدہ واپس لے لیا تھا۔ حالیہ برسوں میں کینیڈا میں بڑے پیمانے پر شوٹنگ کے کئی واقعات ہوئے ہیں اور یہ مسئلہ کافی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔