EPAPER
Updated: February 09, 2022, 9:54 AM IST | ottawa
اوٹاوا سمیت کینیڈا کے دیگر شہروں میں صورت حال پوری طرح کنٹرول سے باہر، اوٹاوا پرمظاہرین کا قبضہ
امریکہ اورکینیڈا کی سرحد پار کرنے کیلئے کورونا ویکسین لازمی قراردئیے جانے کے خلاف سراپا احتجاج بنے ہوئے ٹرکوںکے گروپ ’فریڈم کانوائے‘ کو منتشرکرنے کیلئے کینیڈا انتظامیہ نے ایندھن کی فراہمی روک دی ہے۔ اس احتجاج نے کینیڈا میں حالات کو بدل کر رکھ دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں گزشتہ۱۰؍ دن سے جاری ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج سے نمٹنے کیلئےگزشتہ روز نافذ کی گئی ایمرجنسی میں مزید پابندیاں نافذ کر دی گئیں۔حکام نے ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج کو پسپا کرنے کیلئے ایندھن فراہمی بھی روک دی ہے۔ اس دوران اوٹاوا سمیت کینیڈا کے دیگر شہروں میں صورت حال کنٹرول سے باہر بتائی جارہی ہے۔
کورونا پابندیوں کے خلاف ہونے والے احتجاج کا سلسلہ کینیڈا بھر میں پھیل چکا ہے، ہزاروں ٹرکوں نے اوٹاوا کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے ہیں۔کانوائے فریڈم تحریک کراس بارڈر ٹرک ڈرائیوروں کے لیے ویکسین لازمی قرار دیے جانے کے خلاف شروع ہوئی تھی، لیکن پھر اس نے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی صحت پالیسی کی مخالفت شروع کر دی۔
اس وقت اوٹاوا میں کاروبار ِ زندگی معطل ہے، مقامی لوگوں نے ٹرک ڈرائیوروں کے خلاف۹ء۸؍ ملین ہرجانے کا مقدمہ بھی دائر کر دیا ہے۔ سرحد کے آر پار جانے والے ٹرکوں کے لیے لازمی قرار دیے گئے مینڈیٹ کے خلاف احتجاج میں ٹرک ڈرائیور شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں ہارن بجا رہے ہیںجس کی وجہ سے رہائشی محلوں کے لوگ شدید پریشانی کا شکار ہیں۔