Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کیلئے وزیراعظم مودی گلاسگو پہنچے

Updated: November 02, 2021, 7:26 AM IST | Glasgow

اقوام متحدہ کی جنرل کانفرنس سی او پی۔۲۶؍ میں شریک ہونے کیلئے ۲؍ روزہ دورے پرمودی اٹلی سے براہ راست اسکاٹ لینڈ پہنچے جہاں بورس جانسن سے ملاقات کی

Prime Minister Modi with his British counterpart Boris Johnson and UN Secretary General Antonio Guterres
وزیراعظم مودی اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس کے ساتھ

 وزیر اعظم نریندر مودی موسمیاتی تبدیلی پراقوام متحدہ کی جنرل کانفرنس سی او پی۔۲۶؍ میں شرکت کیلئے ۲؍ روزہ دورے پرگلاسگو پہنچ گئے ہیں۔ یہاں پر اُن کا پُر تپاک خیر مقدم کیا گیا۔ شیڈول کے مطابق یہاں پر اُنہوں نے برطانوی وزیراعظم بورس جانسن سے ملاقات کی۔
  وزیراعظم مودی نےایک ٹویٹ کے ذریعہ خود ہی یہ جانکاری فراہم کی۔ انہوں نے ٹویٹ  کے ذریعہ بتایا کہ وہ سی او پی ۲۶؍ میں شرکت کیلئے گلاسگو پہنچ گئے ہیں، جہاں موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو کم کرنے کیلئے عالمی قائدین کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں اور اس سمت میں ہندوستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کوکانفرنس میں پیش کریں گے ۔وزیراعظم مودی دو دن تک (پیر اور منگل) گلاسگو میں قیام کریں گے۔
 وزیر اعظم کا گلاسگو میں ہوٹل پہنچنے پر وہاں موجود ہندوستانی برادری کے نمائندوں نے گرمجوشی کے ساتھ استقبال کیا ۔   برطانیہ کی قیادت میں سی اوپی۲۶؍  اتوار (۳۱؍اکتوبر) کو شروع ہوئی  جو ۱۲؍ نومبر تک جاری رہے گی۔ اس کیلئے عالمی قائدین کا یہاں آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ۔ وزیراعظم مودی روم میں جی ۲۰؍ چوٹی اجلاس میں شرکت کے بعد وہاں سے براہ راست گلاسگو پہنچے ہیں۔
 دریں اثنا جنگلات،ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر بھوپیندر یادو نےپریس کانفرنس میں اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے اور وہاں ہونے والی سرگرمیوں کی اطلاع دی ہے۔ علاوہ ازیں اس تعلق سے انہوں نے ایک ٹویٹ بھی کیا ہےجس میں انہوں نے ترقی یافتہ ممالک پر دبے لفظوں میں تنقید بھی کی ہے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلی کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کیلئے ہر سال ایک سو ارب ڈالر کا مالی تعاون کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے میں ابھی بھی ناکام  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اس عزم کو پورا کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں  ۔ اس دوران برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے روم میں کہا کہ اگر گلاسگو کانفرنس کامیاب نہ ہوئی، تو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی تمام کوششیں خاک میں مل جائیں گی ۔ خیال رہے کہ یہاں گلاسگو میں وزیراعظم مودی نے دیگر لیڈروں کے ساتھ اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن سے بھی ملاقات کی ہے۔ 
 وزیراعظم مودی نے جی۲۰؍ اور موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کیلئے نئی دہلی سے روانگی سے قبل اپنے بیان میں کہا  تھاکہ ہندوستان موسمیاتی تبدیلی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے اپنی طرف سے پوری عزم کے ساتھ کام کر رہا ہے۔  انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان یہ بھی چاہتا ہے کہ کاربن اکانومی (کوئلے کے استعمال) کیلئے  ہندوستان جیسے ترقی پزیر ممالک کوبھی اس پلیٹ فارم پر  مناسب جگہ ملنی چا ہئے۔
 اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے اتوار کو روم میں جی۲۰؍ سربراہی اجلاس کے موقع پر جرمن چانسلر انجیلا مرکیل سے بھی ملاقات کی تھی اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا۔ انجیلا مرکیل کے ساتھ نریندر مودی کی ملاقات میں اگلے ممکنہ چانسلر اولاف شلز بھی موجود تھے۔ اس حوالے سےوزیر اعظم کے دفتر(پی ایم او) نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ’’ وزیر اعظم مودی اور جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے روم میں جی۲۰؍گروپ کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔ دونوں لیڈروں نے ہندوستان اورجرمنی تعلقات پر وسیع پیمانے پر بات چیت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی ہمارے کرہ ارض کی بہتری کیلئے ایک اچھا اشارہ ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK