EPAPER
Updated: December 09, 2021, 11:00 AM IST | Agency | Varanasi/Lucknow
پورے شہر کو دلہن کی طرح سجایا جائے گا ، گنگا گھاٹوں اور ہر گھر میں دیا جلے گا، تیوہار جیسا ماحول ہوگا ، اس تقریب کو بی جے پی کی مدد سے ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا
وزیر اعظم مودی کے ذریعہ وشوناتھ کوریڈورکےا فتتاح کے موقع کو خاص بنانے کی تیاری جنگی پیمانے پر کی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ ساتھ وارانسی اور اطراف کےا ضلاع کے بی جے پی کارکن بھی اپنے طور پر کوشش کررہےہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ا نتخابات کےپیش نظر وزیر اعظم مودی کے اس دورے کو خاص بنانے کیلئے پورے شہر کو دلہن کی طرح سجایا جائے گا ۔ گنگا گھاٹوں اور ہر گھر میں دیا جلے گا، تیوہار جیسا ماحول ہوگا۔ اس دن پورا کاشی شہر جدید طرز کے بلب سے روشن ہوگا، آتش بازی ہوگی ۔ تمام عوامی مقامات کو سجایا جائے گا۔ اس سلسلے میں بدھ کو بی جے پی کے ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی’عظیم الشان کاشی‘ کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرتے ہوئے آئندہ۱۳؍دسمبر کو وشوناتھ دھام پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ اسے ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائےگا۔وزیر اعظم کی یوپی آمد کے پروگرام کے بارے میں انہوں نے پارٹی دفتر میں بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا :’’ کاشی کو اس اصل شکل دینے کا وزیر اعظم نے جو عزم کیا تھا وہ اب پورا ہورہا ہے۔ کاشی میں منعقد ہونے والے تین روزہ پروگرام کو’بھو کاشی،دیو کاشی‘ نام دیا گیا ہے۔ اس میں پورے ملک کے دھرم آچاریہ ، وزرائے اعلیٰ اور نائب وز رائے اعلیٰ موجود ہوں گے۔‘‘ سنگھ نے بتایا :’’ اس پروگرام کو بی جے پی کے تعاون سے ٹی وی پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ہر ایک ضلع کے اہم مندروں میں تقاریب کا انعقاد کیا جائےگا۔ ‘‘ ان کے بقول :’’ اس دن ضلع سطح پر پروگرام منعقد کر کے دھرم آچاریہ اور سادھو سنتوں کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔۸؍سے۱۱؍دسمبر تک ریاست کے تمام مندروں، مٹھ اورمذہبی مقامات پر صفائی مہم چلائی جائے گی جس میں کمیٹی کے عہدیدار بھی شرکت کریں گے۔ کاشی وشوناتھ دھام کے افتتاح کے موقع پر۱۲،۱۳؍اور ۱۴؍دسمبر کو ریاستی باشندے دیا جلا کر بھگوان شیو کااستقبال کریں گے۔