EPAPER
Updated: February 12, 2021, 10:46 AM IST | Waseem Ahmed Patel | Panvel
یہاں میونسپل کارپوریشن کے مبینہ طورپر غیرذمہ دار اور کام چور افسروں سے نہ صرف اپوزیشن بلکہ برسراقتدار پارٹی بی جے پی کے کارپوریٹر بھی سخت نالاں ہیں۔
یہاں میونسپل کارپوریشن کے مبینہ طورپر غیرذمہ دار اور کام چور افسروں سے نہ صرف اپوزیشن بلکہ برسراقتدار پارٹی بی جے پی کے کارپوریٹر بھی سخت نالاں ہیں۔ اسی لئے ہاؤس لیڈر پریش ٹھاکر کی قیادت میں بی جے پی کے کارپوریٹروں نے میونسپل کمشنر کے دفتر کے باہر سخت احتجاج کیا اور انہیں برخاست کرنے کامطالبہ کیا۔
پریش ٹھاکر کے مطابق افسران کسی بھی ترقیاتی اور فلاحی کاموں کو تکمیل تک پہنچانے میں بالکل تعاون نہیں کرتے ہیں، صاف صفائی پر توجہ نہیں دیتے ہیں ، کارپوریٹروں کے فون تک نہیں اٹھاتے ہیں۔ میٹنگ میں دیر سے آتے ہیں اور کارپوریٹروں کے ذریعے پوچھے گئے سوالوں کے صحیح جواب نہیں دیتے ہیں۔ یہاں تک کہ وہ شہریوں سے بھی سیدھے منہ بات نہیں کرتے ہیں۔ فائلیں ان کی ٹیبل پر دھول کھاتی رہتی ہیں ۔وہ خاتون کارپوریٹروں سےبھی احترام سے بات نہیں کرتے ہیں۔ محکمۂ آب رسانی کے آفیسر شہر میں پانی وقت پر سپلائی نہیں کرتے ہیں ۔ اہم بات یہ ہے کہ میونسپل افسروں کا کارپوریٹروں کو تعاون دینا بہت ضروری ہے، ان کے بغیر ترقیاتی اور فلاحی کام کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان افسروں کی وجہ سے نہ صرف کارپوریٹروں بلکہ شہریوں میں بھی سخت ناراضگی پائی جارہی ہے۔
پریش ٹھاکر نے ایسے افسروں کو ملازمت سے برخاست کرنے کامیونسپل کمشنر سدھاکر دیشمکھ سے مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا بھی یہی مطالبہ ہے کہ جو افسر کام میں دلچسپی نہیں دکھاتے ہیں ، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔