EPAPER
Updated: January 21, 2022, 12:09 PM IST | Agency | New Delhi
آن لائن لرننگ کے ماڈل کلاس روم ٹیچنگ کے محاذپر بہت سی تبدیلیاں آئیں
عالمی وباء کی وجہ سے ہندوستان کے تعلیمی نظام کو زبردست رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ اس کے نتیجے میں آن لائن لرننگ کا جو ماڈل سامنے آیا ہے اس سے کلاس روم ٹیچنگ کے محاذپر بہت سی تبدیلیاں آئی ہیں۔ والدین اور اساتذہ اس بات سے مطمئن ہیں کہ وبا کے دوران آن لائن لرننگ کے ذریعہ تعلیمی سرگرمیوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔ایچ پی انڈیا فیوچر آف لرننگ اسٹڈی۲۰۲۲ء کی جاری کردہ سروے رپورٹ کے مطابق اس میں شامل ۹۸؍ فیصد والدین اور ۹۹؍ فیصد اساتذہ کا ماننا ہے کہ آن لائن تعلیم کے جاری رہنے کی وجہ سے تعلیم کا تسلسل برقرار رہا۔ اس میں شامل طلباء میں سے ۹۱؍فیصد کا ماننا ہے کہ آن لائن لرننگ کلاس روم کی روایتی تعلیم کو ایک طرح سے مکمل کرتا ہے۔اس کے نتیجے میں طلبا،اساتذہ اور والدین کی سطح پر ہائبرڈ لرننگ ماڈل ایک پسندیدہ انتخاب کے طور پر سامنے آیا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ روایتی کلاس روم ٹیچنگ شروع ہونے کے بعد بھی یہ نظام کسی نہ کسی شکل میں جاری رہے۔ آن لائن اور کلاس روم لرننگ کا امتزاج بہتر تفہیم کا باعث بنتا ہے، نیز شوق وغیرہ پورے کرنے کے لیے زیادہ پرسنل فری ٹائم دستیاب ہوتا ہے۔ ہائبرڈ لرننگ کو ترجیح دینے کی وجہ یہ ہے کہ طلباء یہ سمجھتے ہیں کہ وہ طویل عرصے تک یاد رکھنے کے قابل ہیں۔ہائبرڈ لرننگ نامساعد موسمی حالات اور امن و امان کے دیگر حالات کی وجہ سے ٹریفک کی رکاوٹوں کے باوجود سیکھنے کے عمل پر پڑنے والے اثرات کو کم کرتی ہے۔ آلودگی، شدید گرمی، سیلاب یا کسی اور قسم کی قدرتی آفت کی وجہ سے کئی بار بغیر کسی پیشگی اطلاع کے اسکولوں کو بند کرنے کی صورتحال سامنے آئی ہے لیکن ہائبرڈ لرننگ کو اپنانے سے سیکھنے کا عمل بلا تعطل جاری رہ سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق تمام طلبہ، اساتذہ اور والدین کا خیال ہے کہ ہائبرڈ ماڈل پر عمل درآمد سے سیکھنے کا عمل شدید موسمی حالات اور دیگر منفی حالات میں بھی جاری رہ سکتا ہے۔آن لائن لرننگ کے ابتدائی چیلنجوں کے باوجود یہ انتظام طلبہ کے لیے بہت سہولت بخش ہے اور انہیں اپنے وقت پر کنٹرول اور لچک جیسے فوائد فراہم کرتا ہے۔ اس سروے میں شامل ۶۱؍فیصد طلبہ، ۶۵؍ فیصد والدین اور ۸۱؍ فیصد اساتذہ کا خیال ہے کہ آن لائن لرننگ طلبہ کو اپنی سہولت کے مطابق اپنی رفتار سے مطالعہ کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ ویڈیو موادسب سے زیادہ پسندیدہ فارمیٹ بن گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طلبہ کی سطح پر آن لائن لرننگ سے مواد کو آسانی سے اور بار بار دہرایا جا سکتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیں اور انہیں اپنی سہولت کے مطابق مسڈ کلاسز تک رسائی حاصل کرنے کی سہولت بھی ملتی ہے۔