EPAPER
Updated: August 20, 2021, 12:54 PM IST | Agency | New Delhi
مختلف علاقوں میںگزشتہ ۴؍ ماہ کے دوران ۲؍ لاکھ۵۷؍ہزار سے زیادہ شہریوں سے ۴۱؍ کروڑ سے زائد کا جرمانہ وصول کیا گیا
راجدھانی دہلی میں کورونا وبا کے دوران عوامی مقامات پر تھوکنے، ماسک نہیں لگانے اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل نہ کرنے کے الزام میں۲؍ لاکھ ۵۷؍ ہزار۲۹۳؍ افراد سے جرمانہ کے طورپر ساڑھے۴۱؍کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم وصول کی گئی ہے۔
دہلی پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ۱۹؍ اپریل سے ۱۸؍اگست تک۴۱؍ کروڑ ۶۵؍ لاکھ ۲۶؍ہزار۲۷۹؍روپے شہریوں سے بطور جرمانہ وصولے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عوامی مقامات پرایک ہزار۳۸۷؍ افراد تھوکتے ہوئے پکڑے گئے۔ ان میںجنوب مغربی دہلی میں سب سے زیادہ۳۹۹؍، روہنی ضلع میں ۲۲۹؍ اور شمالی دہلی میں۲۱۷؍ ،دوارکا میں۵۷؍، شمال مغربی دہلی۸۴؍، مشرقی دہلی۲۵؍، شمالی دہلی میں ۳؍، شمال مشرقی دہلی میں۹۲؍، باہری دہلی ۱۰۵؍، جنوب مشرقی دہلی۱۲؍، شاہدر ضلع اور دہلی کے ہندستانی ریلوے کے سرحدی علاقوں میں ۲؍ اور باہری شمالی دہلی میں ۱۶۰؍افراد کو عوامی مقامات پر تھوکنے کی وجہ سے جرمانہ ادا کرنا پڑا۔
حکام کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ راجدھانی کے وسطی ضلع اور دہلی میٹرو اور اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے سرحدی علاقوں میں گزشتہ ۴؍ ماہ میں ایک بھی شخص عوامی مقامات پر تھوکتا ہوا نہیں ملا حالانکہ کورونا کی دیگر احتیاطی اقدامات سے غفلت ان علاقوں میں بھی کئی لوگوں کئی چالان کاٹے گئے۔ پولیس کے مطابق دہلی بھر میں ماسک نہیں پہننے کے لئے سب سے زیادہ۲؍لاکھ ۲۷؍ ہزار ۸۳۳؍اور سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل نہیں کرنے پر۲۰؍ہزار۷۳؍لوگوں کے چالان کئے گئے۔ واضح رہے کہ کورونا وبا کے پھیلا ئو کو روکنے کے لئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے جاری کووڈ گائیڈلائنس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف۲؍ہزارروپے تک کے جرمانہ کا التزام ہے۔ بسوں اور دہلی میٹرو میں بغیر ماسک سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ ان ذرائع آمدورفت میں بھی سیٹوں کی گنجائش سے زیادہ لوگوں کو سفر کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ بس اڈہ، ریلوے اسٹیشنوں سمیت تمام عوامی مقامات پر کووڈ سے متعلق گا ئیڈلائنس پر عملددرآمد کروانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ دہلی حکومت کے کورونا کے پھیلائو پر قابو پانے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سرکاری اسپتالوں سمیت محلہ کلینکس میں بھی مشتبہ مریضوں کی جانچ اور ان کے علاج و معالجے کی مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ ملک بھر میں کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے معاملوں میں اضافہ ہونے کے پیش نظرمقامی سطح پر عوام کو سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ ذرا سی غفلت اب تک کی گئی کوششوں پر پانی پھیر سکتی ہے۔ دہلی حکومت کے محکمہ صحت نے عوام سے اپیل کی ہے جن لوگوں نےاب تک کورونا کی ویکسین کا ایک بھی ڈوز نہیں لیا ہے وہ فوری طور پر اپنا رجسٹریشن کروائیں تاکہ وبا کی تیسری لہر آنے پر بھی زیادہ نقصان سے بچا جاسکے۔