Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا :پٹری کے قریب جھوپڑا واسیوں کو مکان خالی کرنے کا ریلوے کا نوٹس

Updated: January 19, 2022, 8:45 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مکین خوفزدہ۔وزیرہاؤسنگ نے احتجاج کا انتباہ دیا۔ مکینوں نے دعویٰ کیا کہ وہ۶۰، ۷۰؍ سال سے یہاںآباد ہیں اس لئے وہ گھر خالی نہیں کریں گے۔ متبادل مکانات کا مطالبہ

Residents of Sahongras area near the railway track are showing the notice given by the railway.
ریلوے ٹریک کے پاس ساہونگراس علاقے کے مکین ریلوے کی جانب سے دیا گیا نوٹس دکھارہے ہیں

:ممبرا ریلوے لائن کے بازو میں  ساہو نگر کے مکینوں کوسینٹرل ریلوے کی جانب سے ۷؍ دن میں مکان خالی کرنے کا نوٹس دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان میں بے گھر ہونے کا خوف پایا جارہا ہے اور ان میں ریلوے  کے تئیں ناراضگی بھی پائی جارہی ہے۔مکینوں کا دعویٰ ہے  کہ برسوں سے  یہاںرہنے کے باوجود انہیں  متبادل مکانات دیئے بغیرگھرخالی کرنےکو کہا جارہا ہے لیکن وہ یہاں سے نہیں ہٹیں گے ۔ وزیرہاؤسنگ  اور  مقامی رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ نے مکینوںکوگھر خالی نہ کرنے کوکہا ہے اور اس نوٹس کے خلاف راستے پر  اتر کر احتجاج کرنے کا انتباہ بھی دیا ہے۔ 
مکین پریشان
 ساہو نگر میں مقیم  جمنا نامی خاتون نے دعویٰ کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ہم لوگ ۶۰،  ۷۰؍ سال سے ممبرا پٹری کے بازو میں رہتے ہیں ۔گزشتہ روز  ریلوے کے اہلکاروں نے ہمیں نوٹس دیا  اور ۷؍ دن میں جھوپڑے خالی کرنے کو کہا ہے نیز دھمکی دی ہے کہ اگر ۷؍ دن میں مکان خالی نہیں کئے تو وہ انہیں منہدم کر دیں گے۔ ہمیںکوئی متبادل مکان نہیں دیا گیا ہے ، ہم آس پاس ہی کام کرتے ہیں اور ہمارے بچےبھی مقامی اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ ہم مکان خالی نہیں کریں گے۔‘‘ انہوںنے مزید کہا ہے کہ ’’ڈیڑھ تا ۲؍ ہزار خاندان یہاں رہتے ہیں اور مقامی لیڈر عارف بھائی نے وزیرہاؤسنگ  جتیندر اوہاڑ کو  یہ مسئلہ بتا یا  جنہوں  نے ہم سے  ملاقات کر کے ہمیں بے گھر ہونے سے بچانے کا یقین دلایا ہے۔
 اسی بستی میں رہنےو الی آمنہ خاتون نے بتایاکہ ’’ہم گزشتہ ۱۵؍ برس سے یہاں رہتے ہیں۔ریلوے نے گھر خالی کرنے کوکہہ دیاہے لیکن ہم کہاں جائیں گے؟ہمیں متبادل مکان تو دینا چاہئے۔ ‘‘
 مکینوں نے کہا ہے کہ کوئی کچھ بھی بولے لیکن ہم اپنے مکانات خالی نہیں کریں گے۔
جتیندراوہاڑ نے علاقے کا دورہ کیا
 وزیرہاؤسنگ    اور مقامی رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ  نے گزشتہ شب اپوزیشن لیڈر اشرف شانو پٹھان کے ساتھ ساہو نگر کا دورہ کیا اور لوگوں سے ملاقات کی ۔ اس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’یہاں گزشتہ ۷۰؍ برس سے لوگ مقیم ہے اور اچانک انہیں مکان خالی کرنے کا نوٹس دیا جارہا ہے ۔ ریلوے انتظامیہ یہ کہہ رہا ہے کہ ان مکینوں سے ریلوے کو خطرہ ہے۔ یہ ریلوے کی من مانی ہے اور ہم یہ من مانی چلنے نہیں دیں گے۔ ان مکینوں کو ریلوے کی جانب سے متبادل جگہ دینا چاہئے ۔‘‘  انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی جانب سے پوری ممبئی میں اسی طرح کا نوٹس دیا گیا ہے۔ ریلوے کیا کھیل کھیلنا چاہتی ہے، مجھے نہیںمعلوم لیکن اگر ممبئی اورممبرا سمیت  تھانے  میں  اس طرح کا نوٹس دیا جائے گاتو اس کے خلاف لوگ راستے پر اتریں گے اور ریلوے کا کتنا نقصان ہوگا اس کا اندازہ شاید ریلوے کوبھی نہیں ہے۔۷؍ دن میں مکانات خالی کرنے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔  اب تک کیا ریلوے سوئی  ہوئی تھی کہ جو ۷۰؍ برس سے رہنےو الے مکینوں کو مکانات خالی کرنے کا کہا جارہا ہے۔‘‘جتیندر اوہاڑ نے الزام لگایا کہ ’’ ممبئی اور تھانے میں الیکشن  ہونے والے ہیں اسی لئے لوگوں کے دلوں میں دہشت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ بعد میں اس کا کریڈٹ لیا جاسکے کہ دیکھو ہم نے بچا لیا۔‘‘

mumbra Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK