EPAPER
Updated: February 12, 2022, 7:54 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ممبرا میں میونسپل وارڈ کم کرنے کی کوشش کی وجہ دریافت کی جبکہ تھانے میں نگر سیوک ’نگر سیٹھ‘ کیسے بنا؟ سوال اٹھایا گیا
تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی )کے انتخابات قریب آتے ہی سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ ممبرا کوسہ کے عوامی نمائندوں اور کل جماعت کی جانب سے بینر لگا کر ممبرا کے وارڈ بڑھانے کے بجائے کم کرنے کی کوشش کی وجہ میونسپل کمشنر سے دریافت کی گئی ہے جبکہ تھانے میں ایک سماجی خدمتگار نے تھانے میونسپل کارپوریشن خسارے میں کیسے گئی اور نگر سیوک نگر سیٹھ کیسے بن گئے ؟ یہ سوال کیا گیا ہے۔
ممبرا کوسہ کل جماعت اور مقامی شہریوں کی جانب سے متعدد مقامات پر بینرآویزاں کیاگیا ہے ۔ اسی طرح کا بینر ممبرا ریلوے اسٹیشن اور سیلیش نگر میں بھی لگایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تھانے میونسپل کمشنر ویپن شرما جواب دو، تھانے میونسپل کمشنر ویپن شرما کی ممبرا کوسہ کی جنتا سے یہ کیسی دشمنی ؟ ۲۰۲۲ء کے میونسپل کارپوریشن کے چناؤ میں ۲۳؍ کارپوریٹروں کی تعداد بڑھانے کے بجائے آپ کے ذریعے کارپوریٹرو ںکی تعداد کم کرکے ۱۸؍ کرنے کی کوشش کیوں کی گئی؟ لہٰذا میونسپل کمشنر کو عوام کو جواب دینا چاہئے۔
بینر میں اپیل کنندگان میں جن افراد کے نام درج ہیں، ان میں اشرف پٹھان ( شانو) ، راجن کینے، سراج ڈونگرے، شاذیہ انصای ، انیتا کینے، عشرین راؤت، حفیظہ نائک، سنیتا ساتپوتے، بابا جی پاٹل ، سلوچنا پاٹل ، جمیلہ خان، ظفر نعمانی، نادرہ سرمے ، موریش کینے، فرزانہ شیخ اور روپالی گوٹے شامل ہیں۔
اسی طرح تھانے کے سماجی کارکن اجے جیا نے تھانے میونسپل کارپوریشن کے اطراف اور متعد د علاقوں میں ایک بینر آویزاں کرکے سوال کیا ہے کہ تھانے میونسپل کارپوریشن مقروض کیسے ہوئی اور نگر ’سیوک‘( کارپوریٹر) ’نگر سیٹھ‘ کیسے بن گئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ بد عنوانی کے بغیر نہ کارپوریشن مقروض ہو سکتی ہے اور نہ کارپوریٹر امیر۔
اس سلسلے میں جاری کردہ پریس ریلیز میں اجے نے کہاکہ ’’ ترقیاتی کاموں کے نام پر کروڑوں روپے کی مالی خرد برد کا انکشاف ہوا تھا، اس کے باوجود کسی ٹھیکیدار یا افسر پر کارروائی نہیں کی گئی ۔بد عنوانی کے سبب ہی میونسپل کارپوریشن ۴؍ کروڑ روپے کی مقروض ہو گئی ہے۔ ‘‘ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ’’ ایسا تمام انتظامی عہدیداروں کی حمایت ، عوامی نمائندوں اور ٹھیکیداروں کی ملی بھگت کی وجہ سے ہوا ہے۔‘‘
اجے جیا کے مطابق ’’ اگر شہری انتظامیہ کی بدعنوانی کے تعلق سے مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ موبائل فون نمبر ۹۶۱۹۱۱۱۶۴۵؍ پر رابطہ کر سکتے ہیں