Inquilab Logo Happiest Places to Work

محبوبہ مفتی پھر نظر بند،عوامی جلسہ کرنے سے بھی روک دیاگیا

Updated: December 13, 2021, 12:01 PM IST | Agency | Srinagar

پُر امن احتجاج کرنے والے پی ڈی پی یوتھ کارکنان پر لاٹھی چارج ،محبوبہ مفتی نے کنونشن کی بجائے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کی

Mehbooba Mufti addressing a press conference outside her residence.Picture:PTI
محبوبہ مفتی اپنی رہائش گاہ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور جموں وکشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو اتوار کے روز ایک بار پھر خانہ نظر بند کردیاگیا ۔ پی ڈی پی کے ترجمان نے بتایا کہ انتظامیہ نے ’یوتھ کنونشن منعقد کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جبکہ محبوبہ مفتی کو گھر میں نظر بند رکھنے کے ساتھ ساتھ سونا وار میں  پُر امن احتجاج کرنے والے پی ڈی پی یوتھ کارکنان پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔تاہم سرکاری طور پر محبوبہ مفتی کی نظر بندی کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ پارٹی کے ایک لیڈر نے بتایاکہ پی ڈی پی نے اتوار کے روز گپ کار میں یوتھ کنونشن کا پروگرام بنایا تھا جس میں وادی کے اطرا ف و اکناف سے یوتھ کارکنان کی شرکت متوقع تھی تاہم انتظامیہ نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کو نظر بند کردیا ۔انہوں نے کہا کہ اتوار صبح سے ہی گپکار کی طرف جانے والی شاہراؤں کو پولیس نے کانٹے دار تاروں سے سیل کیا تھا جس کے بعد پارٹی نے فیصلہ کیا کہ اب گپکار کے بجائے کنونشن پارٹی ہیڈ کواٹر پر ہوگا تاہم اُس کو بھی پوری طرح سے سیکوریٹی فورسیز نے اپنے محاصرے میں لے لیا۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ پانتھ چوک میں سیکوریٹی فورسیز نے پی ڈی پی کی متعدد گاڑیوں کو روک کر اُنہیں آگے جانے کی اجازت نہیں دی ۔ترجمان نے بتایا کہ سونا وار میں جب پی ڈی پی یوتھ کارکنوں نے پُر امن احتجاج کرنا چاہا تو پولیس نے اُن پر ڈنڈے برسائے۔انہوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی پر شدید برہمی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ جب دوسری سیاسی پارٹیوں کو بڑی بڑی ریلیاں منعقد کرنے کی اجازت دی جارہی  ہے تو پی ڈی پی کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے سے کیوں روکا جارہا ہے، سرکار کو اس کا جواب دینا ہی پڑے گا۔
پی ڈی پی کو عوامی رابطے کی اجازت نہیں:محبوبہ 
 پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی ) صدر محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ بی جے پی سمیت سبھی سیاسی پارٹیوں کو جموں وکشمیر میں آزادانہ طورپر عوامی جلسے منعقد کرنے کی اجازت ہے لیکن پی ڈی پی واحد ایسی جماعت ہے جس کو عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ نہیں چاہتا کہ نوجوان جمہوریت کا حصہ بنیں بلکہ ان کا منصوبہ ہے کہ وادی کشمیر کا نوجوان تشدد کا راستہ اختیا ر کرے۔یہ باتیں محبوبہ مفتی نے سری نگر میں اپنی رہا ئش گاہ پر ایک پریس کانفرنس میں کہیں۔
 انہوں نے کہا کہ پارٹی کنونشن کے بارے میں ضلع انتظامیہ کو تحریری طورپر آگاہ کیا لیکن ہر بار اُنہیں اس کی اجازت نہیں دی گئی ۔محبوبہ مفتی نے بتایا کہ اتوار صبح سے ہی سری نگر میں۱۵؍مقامات کو سیل کیا گیا تھا جہاں پر پی ڈی پی کارکنان کو روک کر اُن کی ہڈی پسلی ایک کردی گئی، موبائل فون چھینے گئے اور یہاں تک کہ کئی کارکنان اور لیڈروں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔ان کا کہنا ہے کہ اننت ناگ میں عمر عبدا ﷲ کو عوامی جلسہ منعقد کرنے کی اجازت دی گئی، ایک روز قبل اپنی پارٹی نے زڈی بل میں جلسہ منعقد کیا اور کانگریس لیڈران بھی وادی کے اطراف واکناف میں عوامی جلسے کر رہے ہیں لیکن پی ڈی پی واحد جماعت ہے جس سے سیاسی سرگرمیوں سے جان بوجھ کر باز رکھا جا رہا ہے۔
صرف پی ڈی پی کیلئے کووڈ ہے دوسری پارٹیوں کیلئے نہیں؟
 انہوں نے کہا کہ اتوار کی صبح انتظامیہ نے چٹھی بھیجی کہ کووڈ کے پیش نظر پی ڈی پی کنونشن کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہاکہ کیا پی ڈی پی کیلئے ہی کووڈ ہے دوسری جماعتوں کیلئے نہیں؟محبوبہ مفتی نے کہاکہ چونکہ ہم  بی جے پی کے جھوٹ سامنے لا رہے ہیں اسی لئے ہمار ے ساتھ اس طرح کا رویہ اپنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار نوجوانوں کے تئیں دشمنانہ رویہ اپنا رہی  ہے جس کے کسی بھی صورت میں مثبت نتائج سامنے نہیں آسکتے۔
’انتظامیہ نوجوانوں کو جمہوریت کا حصہ بننے سے روک رہا ہے ‘
 پی ڈی پی صدر کے مطا بق مجھے خدشہ ہے کہ موجودہ انتظامیہ جان بوجھ کر نوجوانوں کو جمہوریت کا حصہ بننے سے روک رہا ہے اور یہ چاہتے ہیں کہ نوجوان بندوق اُٹھا ئیں تاکہ پھر وہ اُنہیں آسانی سے مار سکیں۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیریوں خاص کر میرے ڈی این اے میں سرینڈر نہیں ہے ۔ ڈرانے، دھمکانے اور جیلوں میں ٹھونسنے سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے اور نہ ہی کبھی ہونگے۔ان کے مطابق موجودہ ایل جی انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی پی کے تئیں اس طرح کا رویہ اپنانا سمجھ سے باہر ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ ایل جی انتظامیہ یہ بتائے کہ اگر سبھی پارٹیاں جلسے منعقد کر رہی ہیں تو پی ڈی پی پر ہی پابندی کیوں؟
 محبوبہ مفتی کے بقول اگر گپ کار محفوظ نہیں تو وادی کی کون  سی جگہ محفوظ ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ مجھے جنوبی کشمیر جانے کی اجازت ہی نہیں دی جارہی ہیں جبکہ میںکبھی کبھارہی والد کے مقبرے پر جاتی ہوں۔محبوبہ مفتی نے کا کہنا تھا کہ ایل جی اور بی جے پی کا جھوٹ سامنے لا کر ہی دم لیں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK