EPAPER
Updated: March 20, 2021, 11:04 AM IST | Agency | Srinagar
پی ڈی پی کی صدر اور کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ رنجشوں کو ایک طرف کر کے کشمیر مسئلے کا دیرپا حل تلاش کریں۔
پی ڈی پی کی صدر اور کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ رنجشوں کو ایک طرف کر کے کشمیر مسئلے کا دیرپا حل تلاش کریں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو اپنے وسائل ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کے بجائے عوام کی فلاح و بہبود پر صرف کرنے چاہئے۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کیا۔ انہوں نے یہ ٹویٹ پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے بیان کہ ہندوستان اور پاکستان کے لئے وقت آیا ہے کہ وہ ماضی کو دفنا کر آگے بڑھیں، کے رد عمل میں کیا۔
محبوبہ مفتی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے لئے اچھا موقع ہے کہ وہ رنجشیں چھوڑ کر کشمیر کے تنازع کا حل تلاش کریں ۔ دونوں ممالک کے پاس ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرنے کے لئے بہت بڑا فوجی بجٹ ہے جبکہ ان ہی وسائل کو مشترکہ چیلنجز جیسے غربت، تعلیم اور صحت عامہ پر صرف کیا جا سکتا ہے۔ محبوبہ مفتی نے مشورہ بھی دیا کہ ہندوستان اور پاکستان کے عوام بھی مسئلہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں تاکہ دونوں طرف امن قائم ہو تو یہ خطہ معاشی ، سماجی اورسیاسی طور پر ترقی کرے۔ اسی لئے اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک آپس کی دشمنی کو ختم کرنے کے اقدامات کریں۔ اس سے خطے میں نہ صرف امن قائم ہو گا بلکہ عوام کو بھی سکون ملے گا۔ واضح رہے کہ کشمیر سے دفعہ ۳۷۰؍ ختم کرنے کے بعد سے ہی گفتگو کے مطالبات مسلسل ہو رہے ہیں۔