EPAPER
Updated: March 19, 2021, 11:16 AM IST | Agency | Mumbai
جے جے اسپتال کی طبی رپورٹ۔ تصدیق کیلئے اے ٹی ایس نے پیر کی ہڈیوںکے گودے کا نمونہ ہریانہ فورینسک لیباریٹری روانہ کیا
معروف صنعتکار مکیش امبانی کو دھمکانے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں این آئی اے نے پولیس آفیسر سچن وازے کو گرفتار کیا ہے جبکہ اس معاملے میں استعمال ہونے والی مہندرا اسکارپیو کے مالک من سکھ ہیرین کی پر اسرار موت کی جانچ مہاراشٹر انسداد دہشت گردی دستہ(اے ٹی ایس) کر رہا ہے۔حالانکہ ہیرین کی موت ہنوز معمہ بنی ہوئی ہے لیکن ان کی موت سے متعلق جے جے اسپتال میں سائنسی اور طبی جانچ کی رپورٹ کے بعد یہ انکشاف ہوا ہے کہ ہیرین کو کھاڑی میں پھینکنے سے قبل کلورو فام سنگھایا گیا تھا ۔
اے ٹی ایس نے یہ شبہ بھی ظاہر کیا ہے کہ جب ہیرین کو پانی میں پھینکا گیا، اس وقت وہ زندہ اور نیم بے ہوش تھا ۔ اس سے قبل اس کے ہاتھ باندھ کر اور منہ میں کپڑا ٹھونس کر اسے کھاڑی میں پھینکا گیا تھا ۔ اے ٹی ایس نے جے جے اسپتال سے حاصل شدہ رپورٹ کی بنیاد پر یہ بھی کہا ہے کہ جب من سکھ کو کھاڑی میں پھینکا گیا تھا، اس وقت اس کے پیروں میں چوٹ لگی تھی ۔ من سکھ کے پانی میں پھینکے جانے سے قبل زندہ ہونے اور اس کے پیروں میں چوٹ لگنے کی تصدیق کیلئے اے ٹی ایس نے من سکھ کی ہڈیوں کے گودے کا نمونہ ہریانہ فورینسک سائنس لیباریٹری روانہ کیا ہے ۔
دریں اثناء سائنسی اور طبی رپورٹ سے موت کا پتہ لگانے والی ایجنسی اب تک اس نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی ہے کہ اسے کس نے ، کتنے لوگوں نے مل کر مارا تھا اور اس کی وجہ کیا تھی ؟
واضح رہے کہ ممبرا ریتی بندر کھاڑی سے من سکھ کی لاش ملنے کے بعد ان کی بیوہ وِملا نے نامعلوم افراد کے ذریعے قتل کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے پولیس آفیسر سچن وازے کو ہیرین کی موت کا ذمہ دار قرار دیا تھا ساتھ ہی یہ بھی الزام لگایا تھا کہ وازے نےاس معاملے میں گرفتار ہونے اور چند دنوں میں ضمانت پر رہا کرا لینے کا وعدہ بھی کیا تھا ۔