EPAPER
Updated: September 22, 2020, 9:11 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi
ڈاکٹر کفیل نے جیل میں ڈھائے گئے مظالم سے بین الاقوامی ادارہ کو آگاہ کیا، شکایت کی کہ مخالف آوازوں کو دبانے کیلئے دھڑلے سے این ایس اے اور یو اے پی اے کا استعمال ہورہاہے
بلا جواز این ایس اے لگائےجانے کے بعد ۷؍ ماہ تک قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرنے کے بعد جیل سے رہا ہونے والے ڈاکٹر کفیل نے ہندوستان میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں اور یو اے پی اے اور این ایس اے جیسے ظالمانہ قوانین کے غلط استعمال کے خلاف اقوام متحدہ کے حقوق انسانی کمیشن (یو این ایچ آر سی) سے شکایت کی ہے۔
حکومت کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف اپنی لڑائی کو عالمی سطح پر لے جاتےہوئے ڈاکٹر کفیل نے یواین ایچ آر سی کو لکھے گئے خط میں اپنی گرفتاری کے معاملے کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔ انہوں نے عالمی ایجنسی کو ’’ہندوستان میں حقوق انسانی کے عالمی پیمانوں کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں اور مخالف آوازوں کو دبانے کیلئے این ایس اے ا ور یو اے پی اے جیسے قوانین کے بے جااستعمال‘‘ سے بھی آگاہ کیا ہے۔شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف پر امن مظاہرہ کرنے والے سماجی کارکنان کی گرفتاری پر ان کے حقوق انسانی کے احترام کیلئے حکومت ہند سے یوین ایچ آر سی کی اپیل کا بھی شکریہ اداکرتے ہوئے ڈاکٹر کفیل نے عالمی ادارے کو مطلع کیا ہے کہ حکومت ہند نے اس کی اپیل پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔
یاد رہے کہ ۲۶؍جو ن کو حکومت ہند کو بھیجے گئے مکتوب میں بین الاقوامی ادارہ نے شرجیل امام اور ڈاکٹر کفیل خان سمیت ۱۱؍ معاملات میں ’’حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں ،گرفتاری کے وقت قانون کے مطابق کام نہ کرنے اور ٹارچر نیز برے برتاؤ‘‘ کا حوالہ دیاتھا۔ کفیل خان نے اقوام متحد ہ کو بھیجے گئے تفصیلی مکتوب میں کہا ہے کہ ’’جو حقوق انسانی کے علمبردار جوسماج کے غریب ترین عوام نیز حاشیے پر پہنچادیئے گئے افرادکیلئے آواز بلند کرتے ہیں ان کے خلاف ابھی بھی حقوق انسانی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور پولیس کے اختیارات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گردی مخالف اور قومی سلامتی سے متعلق قوانین کا اطلاق کیا جارہا ہے۔‘‘ واضح رہےکہ یوگی سرکارکے ذریعہ من مانے طریقے سے این ایس اے لگائے جانے کے بعد کفیل خان ۷؍ ماہ تک جیل میں رہےہیں۔
پرینکا گاندھی سے ڈاکٹر کفیل کی ملاقات
ڈاکٹر کفیل خان نے اپنی بیوی کے ساتھ کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا سے نئی دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔ریاستی کانگریس نے پیر کو ملاقات کی تصویریں ٹویٹ کی ہیں۔ یاد رہے کہ کانگریس کے اقلیتی سیل نے ڈاکٹر کفیل کی رہائی کیلئے احتجاجی مہم چلائی تھی۔ اطلاعات کے مطابق رہائی کے بعد پرینکا گاندھی کے تعاون سے ہی ڈاکٹر کفیل نے جےپور میں سکونت اختیار کی ہے۔