EPAPER
Updated: February 07, 2022, 10:48 AM IST | Agency | Ludhiana
راہل گاندھی کااعلان کیا، واضح کیا کہ یہ فیصلہ ان کا یا پارٹی قیادت کانہیں بلکہ ریاست کے عوام کا ہے، نوجوت سندھ سدھو نے تائید کی، تنازع کے خاتمے کی اُمید
کئی مہینوں سے جاری سسپنس کا خاتمہ کرتے ہوئے اتوار کو راہل گاندھی نے اعلان کیا کہ پنجاب میں کانگریس کی جانب سے وزارت اعلیٰ کے امیدوار موجودہ وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی ہی ہوںگے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ان کا یا پارٹی قیادت کا نہیں ہے بلکہ پنجاب کے عوام کا ہے ۔ نوجوت سنگھ سدھو جن کے بارے میں کہا جارہاہے کہ وہ ریاست میں وزارت اعلیٰ کا امیدوار بننے کے خواہشمند تھے، نے بھی راہل گاندھی کے اس اعلان کی تائید کرتے ہوئے تنازع کے خاتمے کا اشارہ دیا ہے۔ راہل گاندھی نے یہ اعلان لدھیانہ میں پارٹی کی ایک ورچوئل ریلی سے خطاب میںکیا۔ ’ `آواز پنجاب کی‘ورچوئل ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ چنی کانگریس کی طرف سے وزیر اعلیٰ کا چہرہ ہوں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’یہ فیصلہ راہل گاندھی کا نہیں بلکہ پنجاب کے عوام کا ہے۔ میری اپنی کوئی رائے ہوسکتی ہے مگر میں فیصلہ نہیں سنا سکتا۔ پنجاب کے عوام نے کہا ہے کہ ہمیں غریب گھر کا وزیراعلیٰ چاہئے۔ میں نے اس سے اتفاق کیا۔‘‘ یاد رہے کہ چرنجیت سنگھ چنی جو چمکور سنگھ اسمبلی حلقہ سے ۳؍ بار کے ایم ایل اے ہیں، کو گزشتہ سال کیپٹن امریندرسنگھ کو ہٹاکر پنجاب کا وزیراعلیٰ بنایا گیاتھا۔ وہ پنجاب کے پہلے دلت وزیراعلیٰ ہیں۔ امریندر سنگھ کے استعفیٰ کے بعد سے پنجاب کانگریس میں عجیب سے کشمکش کی کیفیت ہے۔ چرنجیت سنگھ چنی کووزیراعلیٰ بنانے کے بعد سدھو آئندہ میعاد کیلئے پارٹی کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار کی دوڑ میں شامل تھے۔ اس تنازع کے حل کیلئے کانگریس نے ٹیلی فون کے ذریعہ جو سروے کرایا ہے اس میں اکثریت نے چنی کے حق میں فیصلہ سنایا ہے۔ لدھیانہ میں جس ریلی میں چرنجیت سنگھ چنی کے نام کا اعلان کیاگیا اس میں سدھو بھی موجود تھے۔ انہوں نے اعلان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ وہ راہل گاندھی کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔ چنی کے نام کے اعلان سے قبل ایک ہوٹل میں راہل گاندھی نے پارٹی کے سینئر لیڈروں سنیل جھاکر ، ہریش چودھری، چنی اور سدھو کے ساتھ ڈیڑھ گھنٹہ طویل میٹنگ بھی کی۔