EPAPER
Updated: January 06, 2021, 11:25 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai Central
بیس منٹ میں ۲۴؍ڈبے کی ٹرین کو دھویا جا سکتا ہے ، ہر سال ۱۸؍ملین لیٹر پانی اور ۶۸؍ لاکھ روپے بچایا جا سکے گا
ویسٹرن ریلوے میں ٹرین کے ڈبوں کو دھونے کے لئے پہلے سے الگ سسٹم موجود ہے اور پائپ کے ذریعے ریلوےکے ملازمین ٹرین کے ڈبوں کو دھوتے تھے لیکن اب کم خرچ اوربہتر صفائی کے مقصد کے تحت ممبئی سینٹرل پر کوچنگ ڈپو میں آٹومیٹک کوچ واشنگ پلانٹ نصب کیا گیا ہے۔ ویسٹرن ریلوے انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ اس کے ذریعے کم خرچ اور کم افرادی قوت کے ذریعے زیادہ بہتر صفائی کو ممکن بنایا جاسکے گا۔ اس آٹومیٹک پلا نٹ میں ڈبوں کی دھلائی کے دروان کم وقت، پانی کا کم خرچ اور افرادی قوت کی کم سے کم مدد درکار ہوگی۔
ویسٹرن ریلوے انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس پلانٹ کی مدد سے اور اس سے پہلے ڈبوں کی صفائی پر جو خرچ آتا تھا، ہر سال تقریباً ۶۸؍اکھ روپے اس مد میں بچایا جاسکے گا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ بجلی بھی کم خرچ ہوگی۔ اس آٹومیٹک کوچنگ پلانٹ میں ایک پری ویڈ اسٹیشن، ۴؍ورٹیکل برشنگ اکائیاں، فکس ڈیسک برشز کا ایک سیٹ ، ری ٹریک ٹیبل ڈسک برشیز کا ایک ٹیبل، فائنل رِنس ٹاور کے ۲؍جوڑے اور ایک بلوور خاص طور پر اس آٹومیٹک پلانٹ کا اہم حصہ ہیں۔ یہ خود کار سسٹم ایک کیپ ٹیوب ایکلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ سے لیس ہے اور ای ٹی ای سے صاف صفائی مکمل ہونے تک اچھی طرح سے کام کرتا ہے۔
اس تعلق سے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او سمیت ٹھاکر نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ اس نئے سسٹم کی مدد سے ۲۰؍منٹ میں ۲۴؍ڈبے کی ایک ٹرین کو دھویا جاسکے گا اور تقریباً ۶۰؍فیصد کم پانی خرچ ہوگا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ہرسال ۱۸؍ملین لیٹر پانی بچایا جا سکے گا جو ۳۶۵؍لوگوں کی ضرورت کے لئے کافی ہوگا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس کے نصب کرنے پر ایک کروڑ ۶۸؍لاکھ روپے کا صرفہ آیا ہے۔ چنانچہ ان خوبیوں کے اعتبار سے یہ کہا جاسکتا ہے کہ ویسٹرن ریلوے نے کم خرچ میں ایک اچھا سسٹم اپنایا ہے جو مقصد پورا کرنے میں مددگار تو ہوگا ہی بہتر صاف صفائی کے ساتھ خرچ میں بھی کمی کا سبب بنے گا اور اس کم خرچ کے سبب ریلوے کی آمدنی بھی بڑھے گی۔