Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبرا میں ٹورینٹ پاور کمپنی کے خلاف آج جیل بھرو آندولن

Updated: November 15, 2021, 11:20 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

ری پبلکن سینا کا اعلان ۔ عام آدمی پارٹی سے ٹورنٹ کے خلاف ریلی نکالنے کی اجازت واپس لے لی گئی۔ پارٹی لیڈر پولیس کے اعلیٰ افسران سے ملاقات کریں گے

Aam Aadmi Party leader addressing a press conference..Picture:INN
عام آدمی پارٹی کے لیڈر ممبرا میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔۔ تصویر: آئی این این

: جیسے جیسے میونسپل کارپوریشن کے چناؤ قریب آتے جارہے ہیں  اور ٹورینٹ پاور کے مظالم بڑھتے جارہے ہیں ویسے ویسے مختلف جماعتوںکی جانب سے ٹورینٹ کیخلاف احتجاج کرنے کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے۔ ممبرا ، کوسہ ، شیل اور دیوا میں بجلی سپلائی کرنے والی فرنچائزی کمپنی ٹورینٹ پاور کے خلاف  ری پبلکن سینا کی جانب سے پیر ۱۵؍ نومبر کو جیل بھرو آندولن کرنے کا اعلان کیا ہے ۔اسی دوران عام آدمی پارٹی جنہیں۱۶؍ نومبر کوٹورینٹ کیخلاف مورچہ نکالنے کی اجازت پہلے دی گئی تھی اسے  پولیس نے واپس لے لیا ہے۔ پولیس کے اس رویہ کےخلاف عام آدمی پارٹی کے لیڈروں نےاعلیٰ افسران سے ملاقات کرنے اور اس جمہوری حق سے محروم کرنے پر شکایت کریں گے۔
جیل بھرو میں کون کون شامل  
 ری پبلکن سینا جس میں ادھیکار سینا، مسلم لیگ اور دیگر   جماعتیں شامل ہیںنے ممبرا میں شملہ پارک سے ممبرا پولیس اسٹیشن تک پیدل مارچ کرنے اور اس کے بعد جیل بھرو آندولن کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ احتجاج امبیڈکر خاندان سے تعلق رکھنےوالےسرسینانی آنند راج امبیڈکر کے صدارت  میں منعقد کیا جائے گا۔
شیو سینا اور کانگریس کو احتجاج کی اجازت تو عام آدمی پارٹی کو کیوں نہیں؟
 عام آدمی پارٹی کی جانب سے اتوار کو ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی تھی۔ اس پریس کانفرنس میں عام آدمی پارٹی(آپ) کے لیڈر ڈاکٹر ابو التمش فیضی نے بتایا کہ ’آپ‘ کی جانب سے ٹورینٹ کے مظالم کے خلاف شہریوںکو بیدار کرنے اور اس کے ظلم کے خلاف جمہوری طریقے سے آواز بلند کرنے کیلئے ۱۶؍نومبر کو صبح ساڑھے ۱۱؍بجے ممبرا فائر بریگیڈ سے ٹورینٹ آفس ( بھارت گیئر) تک پر امن مورچہ نکالنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں مقامی پولیس نے اجازت دے دی تھی لیکن ۱۱؍ نومبر کو ہمیں لیٹر دے کر اس مورچے کی اجازت واپس لے لی گئی ہے اور مورچہ نہ نکالنے کی ہدایت دی گئی  ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ گزشتہ روز ( سنیچر کو) اورنگ آباد میں شیو سینا اور اتوار کو دادر (ممبئی ) میں کانگریس کی جانب سے  مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف بڑے پیمانے پر ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں ورکر شریک ہوئے تھے۔جب مہاراشٹر میں برسراقتدار  پارٹیوں کو مورچہ نکالنے اور احتجاج کرنے کی اجازت دی جارہی ہے تو  اپوزیشن میں شامل ہم  جیسی چھوٹی پارٹی کو اس کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی ہے؟ کیا ممبرا پولیس اسٹیشن سیاسی دباؤ میں کام کر رہا ہے۔ اس سے قبل بھی این سی پی کو احتجاج کی اجازت دی گئی لیکن عام آد پارٹی کو نہیں ۔ ‘‘  ابو التمش فیضی نے مزید کہا کہ’’ عام آدمی پارٹی  سے پولیس کے سوتیلے سلوک کے تعلق سے آپ کے لیڈر وں کا  ایک وفد پیر کو تھانے پولیس سے ملاقات کرے گا اور دہرے رویہ کی شکایت کرے گا۔‘‘ لیٹر میں پولیس نے عذر پیش کیا ہے کہ ۱۱؍ تا ۲۵؍  نومبر حکم امتناعی نافذ ہے اس لئے مورچہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ٹورینٹ کو چیلنج
 ڈاکٹر ابو التمش فیضی نے ٹورینٹ پاور کمپنی کے  افسران کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہےکہ  اگر وہ صحیح طریقے سے بجلی کا بل وصول کر رہے ہیں تو ایک بڑے ہال میں عوام   اور میڈیا کے سامنے ایک میٹنگ منعقد کرے۔ ہم ایک ایک کر کے یہ ثابت کر دیں گے کہ ٹورینٹ پاور کمپنی غریب اور تکنیکی چیزوںسے لاعلم صارفین کو کس طرح  سےلوٹ رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK