EPAPER
Updated: January 30, 2021, 9:50 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
میٹرو میں روز اول کام کرنے والے ۲؍ نوجوان بھیانک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ۔
میٹرو میں روز اول کام کرنے والے ۲؍ نوجوان بھیانک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ۔یہ دردناک حادثہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب میں سوا ۳؍ بجے مہانندا ڈیری کے مختلف سمت ہائی وے پر پیش آیا۔ حادثہ انتہائی بھیانک تھا اور ٹوئٹا کورولا الٹس چلانے والا ڈرائیور نشے میں دھت تھا اور ٹکر مارنے کے بعد وہ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کو کئی میٹر تک گھسیٹتے ہوئے لے گیا ، کافی مشقت کے بعد انہیں باہر نکالا گیا۔ ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ یہ دونوں نوجوان اترپردیش کے ضلع اعظم گڑھ سے تعلق رکھتے ہیں۔
کانٹریکٹر نے جاں بحق ہونے والے ان نوجوانوں کی لاشیں ان کے گاؤں بھجوانے کی یقین دہانی کروائی تھی ۔یہ نوجوان روزی روٹی کمانے اور اپنے والدین کے بڑھاپے کا سہارا بننے کا خواب سجائے ممبئی آئے تھے لیکن انہیں کیا معلوم کہ میٹرو میں کام کا پہلا ہی دن ان کی زندگی کا آخری دن ثابت ہوگا۔حادثے کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے لاش سدھارتھ اسپتال گوریگاؤں لے جائی گئی۔
مولانا محمد حسنین جو موضع رساواں سے تعلق رکھتے ہیں اور محمد سفیان جو فوت ہونے والے نوجوان محمد عامر کے چچا ہیں، نے جائے حادثہ پر پہنچ کر نمائندۂ انقلاب کو تفصیلات سے آگاہ کروایا۔ ان دونوں نوجوانوں کے نام محمد عمران بن اسرار احمد (موضع رساواں) اور محمد عامر بن ریاض احمد (موضع لوہراں) ہیں۔ اس دردناک حادثے سے ان کے علاقے کے ممبئی میں رہنے والے بھی سکتے میں ہیں۔ مولانا محمد حسنین اور محمد سفیان کے توسط سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کل ۵؍نوجوان میٹرو میں کام کی تلاش میں گئے تھے ۔ان نوجوانوں سے سپروائزر نے دوسرے دن کام پر آنے کو کہا ، چنانچہ ۳؍ نوجوان تو چلے گئے لیکن جاں بحق ہونے والے محمد عامر اور محمد عمران نے کہا کہ ہم لوگ انتظار کئے بغیر آج ہی سے کام شروع کر دیں گے اور وہ کام پر لگ بھی گئے لیکن دونوں انتہائی دردناک حادثے کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئے ۔دونوں کی لاشیں بذریعہ ایمبولینس ان کے اہل خانہ کے ہمراہ جمعہ کی شام کو ۵؍بجے آبائی وطن اعظم گڑھ کے لئے روانہ کی گئیں۔