EPAPER
Updated: August 01, 2021, 8:12 AM IST | New Delhi
ـوزیر برائے تجارت و صنعت پیوش گوئل کا بیان ، دوسری ’ انڈو یو ایس سروسیز سمٹ‘ سے خطاب، ہند امریکہ تجارتی تعلقات پر ا ظہار خیال
: مرکزی وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستان ڈیجیٹل مارکیٹ میں شناخت قائم کررہا ہے۔ انہوں نے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان سر وسیز کے شعبے کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کورونا بحران کے بعدکے دوران معاشی بحالی میں مدد کیلئے سر وسیزکے شعبے میں بہت زیادہ امکانات ہیں۔ انڈو امریکن چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام سنیچر کو منعقدہ دوسری ’ انڈو یو ایس سروسیز سمٹ‘ سے خطاب کرتے ہوئے گوئل نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ دنیا بھر میں امن واستحکام کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مسلسل فروغ دینے میں خدمات کا کاروبار بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ دو فطری شراکت دار ہیں۔مساوات، آزادی اور جمہوریت کی مشترکہ اقدار کی وجہ سے ہمارے تعلقات وقت کی کسوٹی پر کھرے اترے ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان اب ایک کم لاگت کی سروس فراہم کنندہ سے ایک ’ہائی ویلیو ایڈڈ پارٹنر‘ بننے کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ۰۲۔۲۰۰۱ء میں ہندوستان سے دنیا کو کی جانے والی کل سروس ایکسپورٹ ۱۷؍ ارب ڈالر تھی اور اب یہ۲۱۔۲۰۲۰ء میں ۱۲؍ گنا بڑھ کر۲۰۵؍ ارب ڈالر ہو گئی ہے ۔
گوئل نے کہا کہ جب ہم ہندامریکہ شراکت داری کی بات کرتے ہیں تو ہم میں سے ہر ایک کے پاس طاقت کے ایسے شعبے ہوتے ہیں جہاں ہمیں جدت اور انفرادیت حاصل ہوتی ہے۔ امریکہ جدت، ٹیکنالوجی، تحقیق اور معیاری تعلیم کا مرکز ہے تو ہندوستان کے پاس ہنر مند اور ذہین افرادی قوت ہے۔ ہماری طاقتوں کو مربوط کرنے سے ایک ناقابل شکست اتحاد پیدا ہوگا۔
مرکزی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان بھی دنیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل مارکیٹس میں سے ایک بننے کیلئے تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ مہمان نوازی، فن ٹیک، ایگری ٹیک، تفریح، اکاؤنٹنسی، قانون، سائبر سیکوریٹی، صحت کی نگہداشت اور سیاحت چند ایسے شعبے ہیں جہاں ہندوستان اور امریکہ مشترکہ فائدے کیلئے تعاون کر سکتے ہیں۔
انہوں نے سروس انڈسٹری کے اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے کئے گئے اچھے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے گزشتہ۱۶۔۱۵؍ مہینوں میں دنیا بھر میں خدمات کے اپنے تمام وعدے پورے کئے ہیں۔ ہماری خدمات کی برآمدات پچھلے سال کی۹۷؍ فیصد کی سطح پر واپس آ گئی ہیں