EPAPER
Updated: June 08, 2021, 7:44 AM IST | Mumbai
کورونا معاملات میں کمی اورلاک ڈاؤن میں دی جانے والی ڈھیل کے پیش نظر شمالی ہند سے آنے والی گاڑیوں میں زبردست بھیڑ
:کورونا کی دوسری لہر کا اثر کم ہونے کے بعد لاک ڈاؤن میں دی جانے والی نرمی اور ڈھیل کے پیش نظر شمالی ہند سے آنے والی طویل مسافتی گاڑیوں میں بھیڑ بڑھنے لگی ہے۔ممبئی اور مضافات میں اب تیزی کے ساتھ شمال ہند کے افراد کی واپسی ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے سبب اپریل میں اپنے آبائی وطن کا رخ کرنے والے مزدور پیشہ افراد اب ممبئی کی جانب لوٹنے لگے ہیں۔ نوبھارت میں شائع خبر میں ریلوے کے اعلیٰ افسران کے مطابق اس وقت یو پی اور بہار جانے والی ریگولر گاڑیوں میں بھیڑ کم ہوگئی ہے جبکہ جو ٹرینیں شمالی ہند سے مئی میں خالی واپس آرہی تھیں ان میں جون کے مہینے تک کی بکنگ فل ہوچکی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ اس وقت اتر پردیش اور بہار سے آنے والی گاڑیوں میں سیٹ خالی نہیں ہیں۔گورکھپور سے کرلا ٹرمینس آنے والی ۰۵۰۱۸ گاڑی پوری طرح سے فل ہوگئی ہیں۔یہاں تک کے ۱۵۰؍سے زائد ویٹنگ لسٹ ہوگئی ہے۔اسی طرح پٹنہ،وارانسی،جونپور، فیض آباد اور دیگر مقامات سے آنے والی گاڑیوں میں سیٹ خالی نہیں ہے۔
بہار کی طرف سے آنے والی گاڑیوں میں بھی سیٹیں بھر چکی ہیں۔پٹنہ اورمظفرپور سے آنے والی گاڑیاں اب تک ۹۵؍فیصد فل ہوچکی ہیں۔ اسی طرح الہ آباد اور لکھنؤ سے آنے والی ریگولر گاڑیوں میں بھی مسافروں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ واضح رہے کہ اتر پردیش اور بہار سے روزانہ ۲۵؍ سے ۲۸؍ٹرینیں ممبئی کی جانب آتی ہیں۔اب ان ٹرینوں میں کنفرم ٹکٹ ملنا مشکل ہوگیا ہے۔
ممبئی اور مضافات میں لاکھوں کی تعداد میں مزدور پیشہ افراد رہتے ہیں۔الگ الگ وجوہات کے سبب یہ لوگ اب ممبئی میں کورونا سے بہتر ہوتے حالات کے سبب شہر کا رخ کر رہے ہیں۔سینٹرل ریلوے کے ایک افسر کے مطابق ویسے بھی جون میں واپسی کےلئے ٹرینوں میں کافی بھیڑ بڑھ جاتی ہے۔دریں اثناء سلطان پور سے آنے والے بھوانی پرساد دوبے نے کہا کہ انہیں کافی کوشش کے بعد لکھنؤ سے ٹرین کا کنفرم ٹکٹ ملا تھا۔انہیں بتایا گیا تھا کہ ۲۵؍جون تک زیادہ تر ٹرینیں فل ہیں۔اپنے اہل خانہ کے ساتھ ممبئی واپس آنے والے اعظم گڑھ کے رمیش سنگھ نے کہا کہ ممبئی میں حالات معمول پر آنے پر لوگ دوبارہ یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔