EPAPER
Updated: August 22, 2021, 9:15 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai
انل کمار لوہاٹی نے شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا اورٹرمنس پرمسافروں کے تعلق سے مہیا کروائی گئی سہولتوں کابھی جائزہ لیا
لوکمانیہ تلک ٹرمنس(ایل ٹی ٹی) پر جنرل منیجر انل کمار لوہاٹی نے مسافروں کے ساتھ بات چیت کی اورسنت نرنکاری ٹرسٹ کے اشتراک سے بڑے پیمانے پرچلائی گئی شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا ۔ اس کےعلاوہ ٹرمنس پر مسافروں کے تعلق سے مہیا کروائی گئیںسہولتوں کابھی جائزہ لیا اورریلوےاورآرپی ایف افسران سے بھی تبادلۂ خیال کیا ۔
جنرل منیجر لوہاٹی نے ٹرمنس پر انٹی گریٹیڈ سکیوریٹی سسٹم ، کنٹرول روم، سولار پلانٹ ، پلیٹ فارم کی صاف صفائی کا بھی جائزہ لیا اورعملہ کوہدایت دی کہ صفائی پر خاص خیال رکھا جائے کیونکہ یہاں سے روزانہ ہزاروں مسافروں کی آمدورفت ہوتی ہے۔ خودکار زینہ کےتعلق سےانہوں نے کہاکہ سائیڈ پینل اس طرح سے بنائےجائیںکہ پانی اندر نہ جائےاوربقدر ضرورت ہوا مل سکے ۔ انہوں نے مسافروں سے بات چیت کی اوران کی زبانی یہ معلوم کیا کہ ٹرمنس پر مہیا کردہ سہولتوں سے عام مسافر کس قدر مطمئن ہیں اورمزیدکیا چاہتے ہیں۔
سنیچر کو لئے گئے جنرل منیجر کے اس جائزے کا مقصد یہ بتایا گیا کہ مسافروں کو مہیاکروائی گئی سہولتوں میںاگر کچھ کمی بیشی ہو تواسے دورکیاجاسکے اورخاص طور پر کووڈ پروٹوکول کے تحت کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے پائے۔اس تعلق سے جنرل منیجر نے ہدایات بھی دیںاوراس بات کا اعادہ کیا کہ ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ مسافروں کو بہترسہولت ملیںاوران کی جانب سے ملنے والی شکایات کاجلد سے جلد ازالہ کیاجاسکے اورکووڈ سے بچاؤ کے لئے جو اقدامات کئے گئے ہیں ان پر لازماً عمل کیاجائے۔