EPAPER
Updated: November 21, 2020, 11:08 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Kurla
ایل ٹی ٹی اور کلیان اسٹیشنوں پرمسافروں نے پزیرا ئی کی۔دادر تھانے اور پنویل میں بھی اسے مہیا کروایا جائے گا
کورونا وائرس کے سبب جہاں ریلوے میں مسافروں کی کئی سہولت چھن گئی ہیں اور انہیں دقتوں کا سامناکرنا پڑ رہا ہے وہیں اس وباء کے دوران نئے نئے تجربات بھی کیے گئے تاکہ اس کے ذریعے ان حالات میں مسافروں کو ایک دوسرے کے رابطے میں آنے سے بچاتے ہوئے سہولتیں مہیا کروائی جا رہی ہیں۔ اس کی ایک کڑی ہے ایل ٹی ٹی اور کلیان اسٹیشنوں پر بیگیج سینیٹائیزنگ اور ریپنگ یعنی سامان کو پلاسٹک سے ائیر پورٹ کی طرز پر محفوظ کیا جانا۔ سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ مذکورہ دونوں ٹرمنس سے سفر کرنے کے دوران مسافروں کو کورونا وائرس اور دیگر جراثیم سے محفوظ رکھنے کیلئے بیگیج کی سینیٹائیزنگ اور ریپنگ کی سہولت مہیا کروائی گئی ہے۔ یہ الٹرا وائلیٹ ریز سنیٹائیزنگ کی سہولت مسافروں کی حفاظت کے لئے بے حد ضروری ہے اور بہت کم خرچ پر یہ مہیا کروائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان طریقوں کو اپنانے کے بعد جراثیم سے بچاؤ صد فیصد یقینی ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس پر جب ان مشینوں کا تجربہ کیا گیا تو مسافروں کی جانب سے اس کی زبردست پزیرائی کی گئی۔ اسی سبب یہ طے پایا ہے کہ جلد ہی یہ سہولت دادر، تھانے اور پنویل اسٹیشنوں پر بھی مہیا کروائی جائے گی۔