Inquilab Logo Happiest Places to Work

پرائیویٹ اسپتالوں کو ٹیکہ کس طرح مل رہا ہے ؟ دہلی حکومت کا مرکز سے سوال

Updated: May 30, 2021, 9:03 AM IST | New Delhi

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے پوچھا کہ ملک میں ویکسین کی قلت ہے تو پھر پرائیویٹ اسپتالوں کو کیسے ٹیکے دستیاب ہو رہے ہیں

Delhi Deputy Chief Minister Manish Sisodia has questioned the Center.Picture:PTI
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے مرکز پر سوال اٹھایا ہے ۔ تصویرپی ٹی آئی

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت کورونا وائرس کے ٹیکوں کے نظام تقسیم پر ضدی اور اڑیل  رویہ اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے ویکسین کے حوالہ سے مرکز پر شدید تنقید کرتے  سوال پوچھا کہ ایسے وقت میں نجی اسپتالوں کو ٹیکے کس طرح حاصل ہو رہے ہیں، جبکہ  پورے ملک میںان کی قلت ہے۔ منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی میں ۱۸؍ سے۴۴؍ سال کے زمرے کے لئے ٹیکے ۱۰؍جون سے قبل دستیاب نہیں ہیں اور اس زمرے کے لوگوں کو مزید انتظار کرنا ہوگا لیکن پرائیویٹ اسپتالوں میں ٹیکہ کاری برابر جاری ہے۔
 نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ صرف کچھ پرائیویٹ اسپتالوں میں نوجوانوں کو کورونا کے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ ریاستی و مراکزی اسپتال میں ویکسین مفت لگائی جاتی ہیں جبکہ نجی اسپتالوں میں فی خوراک ایک ہزارت سے ۱۲؍ سو روپے وصول کئے جارہے ہیں۔ منیش سسودیا نے بتایا کہ جون کے مہینے میں دہلی کو۵ء۵؍لاکھ ویکسین کی خوراکیں حاصل ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ دہلی میں ۹۲؍ لاکھ نوجوان ہیں، جن کی عمر۱۸؍ سے ۴۵؍سال کے زمرے میں آتی ہے، ان کے لئے ہمیں ایک کروڑ ۸۴؍لاکھ خوراکیں درکار ہیں۔ مرکزی حکومت نے ہمیں اپریل میں صرف ۴ء۵؍  لاکھ، مئی میں ۳ء۷۶؍ لاکھ اور جون میں ۵ء۵؍ لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کا تخمینہ دیا ہے جو۱۰؍جون کو حاصل ہوں گی۔ اگر ان ۹۲؍لاکھ نوجوانوں کی حفاظت کو یقینی بنایا ہے تو اس کا ایک ہی طریقہ ہے کہ انہیں ٹیکہ لگایا جائے۔
 منیش سسودیا نے الزام عائد کیا ہے کہ مرکزی حکومت ٹیکوں کی تقسیم پر قبضہ جما کر بیٹھی ہے۔ کہنے کو تو کہہ رہی ہے کہ ہم نے ریاستی حکومت کو کہہ دیا ہے کہ آپ جلد خرید لیں، لیکن اس کے بعد تعداد کا بھی تعین کیا جا رہا ہے کہ۵۰؍ہزار سے زیادہ، ایک لاکھ سے زیادہ نہیں خرید سکتے۔ دہلی حکومت نوجوان کو ٹیکہ لگانا چاہتی ہے لیکن مرکز    روک رہا ہے۔ میں مرکزسے پوچھتا ہوں کہ اگر دہلی  سرکارنوجوانوں کو ٹیکہ لگانا چاہتی ہے تو اس کو کیا پریشانی ہے؟ منیش سسودیا نے مزید کہا کہ پرائیویٹ اسپتال انہی نوجوانوں کو ٹیکہ لگانے کے نام پر جب کمپنیوں سے ویکسین طلب کرتے ہیں تو مرکز انہیں ٹیکے دلوا دیتا ہے۔جب ریاستی حکومت ویکسین طلب کرتی ہے تو کہہ دیا جاتا ہے کہ دستیاب نہیں ہے۔ منیش سسودیا نے سوال کیا کہ اگر ریاستی حکومت کے لئے ویکسین دستیاب نہیں ہے تو مرکزی حکومت کے پاس پرائیویٹ اسپتالوں کو دینے کے لئے ویکسین کہاں سے آ رہی ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK