Inquilab Logo Happiest Places to Work

سول اسپتال کی حالت پر گجرات ہائی کورٹ سخت برہم، کال کوٹھری سےبھی بدتر قراردیا

Updated: May 25, 2020, 9:14 AM IST | Agency | Ahmedabad

اموات کا تناسب سب سے زیادہ ہونے پر بھی ریاستی حکومت کی سخت سرزنش کی ،کانگریس نےکہا کہ’’ مودی اور شاہ کی جوڑی پر اب کیسے بھروسہ کریں‘‘

Civil Hospital
احمد آباد سول اسپتال کی حالت زار پر کورٹ نے سوال اٹھائے ہیں

گجرات ہائی کورٹ نے احمد آباد کے سول اسپتال کی حالت زار اور ریاست میں کورونا سے اموات کے سب سے زیادہ تناسب پر ریاست کی بی جے پی حکومت اور مقامی انتظامیہ کی سخت ترین سرزنش کی۔ عدالت نے اپنے احکامات میںجو تبصرے کئےہیںوہ بی جے پی حکومت کو شرمندہ کرنے والے ہیں۔ جسٹس پاردی والا اور جسٹس آئی جے وورا کی ڈویژنل بنچ  نے اس معاملےکا از خود نوٹس لیتے ہوئے کہاکہ’’سول اسپتال کا کام اس میڈیکل ایمر جنسی کےدور میں مریضوں کو راحت پہنچانے کا ہے لیکن ہمیں یہ کہتے ہوئے بہت افسوس ہو رہا ہے کہ سول اسپتال اس وقت کسی جیل کی کال کوٹھری جیسا ہو گیا ہے یا اس سے بھی بدتر کہا جائے تو غلط نہیں ہو گا۔ ‘‘بنچ نے مزید کہا کہ اس سے قبل بھی ہم اپنے تبصروںاور فیصلوں میں انتظامیہ کا دھیان سول اسپتال کی حالت کی طرف دلاچکے ہیں لیکن اس میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے اس لئے اب ہمیں سخت احکامات جاری کرنے پڑ رہے ہیں۔ 
 بنچ نے اسپتال انتظامیہ اور حکومت سے پوچھا کہ ریاست کے وزیر صحت کو اسپتال کی اس حالت کے بارے میں معلوم ہے؟ انہوںنے اسپتال کےذمہ داران سے کتنی مرتبہ میٹنگ کی ہے اور کیا وہ کسی کارروائی کا ارادہ رکھتے ہیں ؟اگر وزیر صحت اور ریاستی حکومت کو ان حالات کے بارے میں معلوم ہے اور یہ بھی معلوم ہے کہ اسپتال میں وینٹی لیٹرس کی سخت کمی ہے اور اس کی وجہ سے اموات بڑھ رہی ہیں تو اب تک وہ خاموش کیوں ہے؟اس نے وینٹی لیٹرس کی تعداد بڑھانے کے لئے کیا قدم اٹھائے ہیں ہمیں بھی بتایا جائے ۔  بنچ کے ان سوالوںسے ریاستی حکومت ہکا بکا رہ گئی ہے۔ اب تک اس کی جانب سے اس معاملے میں کوئی ردعمل نہیں آیا ہے۔ 
  ادھر کانگریس نے عدالت کے تبصروںپر ریاستی حکومت کو گھیرتے ہوئے سوال کیا ہےکہ اب پورا ملک مودی اور شاہ کی جوڑی پر کیسے بھروسہ کرے ؟  کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے آبائی  صوبہ گجرات اور وزیر داخلہ امت شاہ کے پارلیمانی حلقہ احمد آباد میں کورونا کی پوزیشن سب سے بدتر ہے اور اگر اس وباء کے خلاف جنگ چھیڑنے والے ان دونوں بااثر لوگوں کے  آبائی  علاقے کی یہ صورت حال ہے تو عوام کس طرح ان پر انحصار کریں گے کہ وہ ملک کو اس تباہ کن بیماری سے نجات دلا سکتے ہیں۔ کانگریس ترجمان ابھیشیک منو سنگھوی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اب یہ دونوں ہی بتائیں کہ گجرات کا یہ حال کیوں ہے ؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK