EPAPER
Updated: June 03, 2020, 9:21 AM IST | Agency | New Delhi
بنچ میں تبدیلی کے بعد گجرات ہائی کورٹ کا رویہ بھی تبدیل، حکومت کے تئیں نرمی کا اظہار ،کہا کہ کورونا وائرس کا بحران سیاسی نہیں بلکہ انسانی ہے
گجرات ہائی کورٹ نےکورونا وائرس اور لاک ڈائون سے متعلق مفاد عامہ کی عرضداشت جس پر کورٹ نے از خود نوٹس لیا تھا ، شنوائی مکمل کرتے ہوئے اپنے تازہ حکم میں کہا کہ کووڈ۱۹؍ سیاسی نہیں بلکہ انسانی بحران ہے۔محض حکومت پر تنقید کرنے سے نہ تو معجز اتی طور پر لوگ ٹھیک ہونے لگیں گے اور نہ ہی وفات پاچکے لوگ زندہ ہو نے والے ہیں۔عدالت نے اس وبا کے خلاف جنگ میں ریاستی حکومت کی مدد کیلئے `تعاون دینے ، سوجھ بوجھ کا مظاہرکرنے اور تعمیری تنقید کرنے کا مشورہ دیا ۔ چیف جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس جے بی پاردی والا کی بینچ نے اس بات پرناراضگی ظاہر کی کہ وبا سے نمٹنے کو لے کر حکومت کے بارے میں عدالت کے حالیہ تبصرےپر سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمس پر غیر ضروری بحث کی گئی اور غلط منشا سے ان کااستعمال کیا گیا۔
عدالت نے کہا کہ `بحران کے وقت ہمیں تنازع کھڑا کرنے کے بجائے ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے ۔ کووڈ۱۹؍ سیاسی نہیں بلکہ انسانی بحران ہے۔ لہٰذا یہ ضروری ہے کہ اس معاملے پر سیاست نہ کی جائے۔ ` عدالت نے اپوزیشن کو ایسے وقت میں تنقید کے بجائے مدد کا ہاتھ بڑھا نے کا بھی مشورہ دیا ہے۔ بنچ نے کہا کہ ریاست کی صورتحال سے نمٹنے میں صرف خامیوں کو تلاش کرنا اور اختلافات ظاہر کر نا لوگوں کے ذہنوں میں خوف پیدا کرتا ہے۔
قابلِ غور ہے کہ اسی عرضی کی سماعت کے دوران جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس آئی جے وورا کی بنچ نے۲۲؍ مئی کو اپنے تبصروں میں گجرات حکومت اور احمد آباد میونسپل انتظامیہ کے بخیے ادھیڑ دئیے تھے جس کی وجہ سے بی جے پی کو اپوزیشن نے سخت سست کہا تھا ۔ بنچ نے تب کہا تھا کہ حکومت کے زیرانتظام احمدآباد سول اسپتال کی حالت قابلِ رحم ہےاور کال کوٹھری سے بھی بدتر ہے۔اس اسپتال میں اب تک کووڈ۱۹؍ کے سبب ۴۹۵؍ مریض دم توڑچکے ہیں۔ اس تبصرے کے بعد گزشتہ ہفتے اس بینچ کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ اب بینچ میں کورونا معاملوں کی سماعت چیف جسٹس وکرم ناتھ کی سربراہی والی بینچ کر رہی ہے ، جس میں جسٹس جے بی پاردی والا بھی بطور جونیئر جج شامل ہیں۔