Inquilab Logo Happiest Places to Work

گودھرا میں انسانیت کی خدمت کیلئے آدم مسجد کے ایک حصےکو کووڈ سینٹربنا دیا گیا

Updated: July 21, 2020, 8:57 AM IST | Inquilab News Network | Gandhinagar

مسجد کے جس حصے میں خاتون عازمین حج کے قیام کا نظم تھا وہاں اب بلاتفریق مذہب کورونا کے مریضوں کا علاج ہوتا ہے، ۱۱؍ افراد صحت یاب ، کئی زیر علاج

Adam Mosque
گودھرا کی مسجد جس کا ایک حصہ کووڈ سینٹر بنا دیا گیا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے گودھرا کی آدم مسجد کووڈ سے متاثرہ افراد کی خدمت کیلئے استعمال کی جارہی تھی، اب اس کے ایک حصے کو باقاعدہ کووڈ سینٹر میں  تبدیل  کردیاگیا ہے جہاں بلاتفریق مذہب تمام  مریضوں کا علاج ہورہا ہے۔ اب تک یہاں سے ۱۱؍ افراد صحت یاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ بقیہ زیر علاج ہیں۔ 
   معاصر انگریزی اخبار ’ ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق مسجد کے گرائونڈ فلور کا وہ حصہ جو خاتون عازمین کے قیام کیلئے استعمال ہوتا ہے، کواب  مکمل طورپر’ کووڈ کیئر سینٹر‘ میں تبدیل میں کردیا گیا ہے۔ وبا کے ان بحران زدہ حالات میں مسجد کے منتظمین کی جانب سے اٹھایا گیا یہ اقدام دیگر لوگوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔ آدم مسجد رقبے کے لحاظ سے بڑودہ کی دوسری سب سے بڑی مسجد ہے۔   ڈاکٹر انور کچھبا  جو یہاں مریضوں کا علاج کررہے ہیں ، نے بتایا کہ گودھرا مسلم سماج، علماء اور مسلم ڈاکٹروں نے مشترکہ طور پر مسجد کے گرائونڈ فلور کو ’کووڈ ٹریٹمنٹ سینٹر‘ بنانے کا فیصلہ کیا۔ ہم نے ضلع کلکٹر  اور چیف ہیلتھ آفیسر سے یہاں ۵۰؍ بستروں  کے انتظام کیلئے اجازت طلب کی لیکن انہوں نے ۳۲؍ بیڈز کی ہی منظوری دی۔ اس کے بعد تمام ضروری لوازمات کو پورے کرنے کے بعد ۱۱؍ جولائی سے یہاں کووڈ مریضوں  کیلئے خدمات کا آغاز کردیا گیا۔ ڈاکٹر انورکے مطابق فی الحال یہاں ۱۶؍ بسترمریضوں کو علاحدہ رکھنے (کوارینٹائن) کیلئے مختص کئے گئے ہیں اور باقی کورونا کے پازیٹیو مریضوں کیلئے رکھے گئے ہیں۔
  مسجد کے ٹرسٹی عبدالقادر حیات نےبتایا کہ اس سلسلے میں ہم نے احمد آباد  میںایک بند ہوئے اسپتال سے ضروری سامان خریدے تاکہ مریضوں کو ہر ممکن سہولیات دی جاسکیں۔   انہوں نے یہاں سے ۱۱؍ مریضوں کے صحت یاب ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے  بتایا کہ گودھرا سول اسپتال کے ذریعے مطلوبہ فرنیچر نہ فراہم کئے جانے  کے باوجود اب اسپتال انتظامیہ بھی یہاں  کے علاج ومعالجہ کاجائزہ لے رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK