Inquilab Logo Happiest Places to Work

چیتا کیمپ میں غلام احمد آرزو اور ہارون سنجر میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز

Updated: January 21, 2021, 11:52 AM IST | Kazim Shaikh | Cheeta Camp

کابینی وزیر نواب ملک کے ہاتھوں افتتاح ہوا۔چیتا کیمپ میونسپل گراؤنڈ پر روایت کے مطابق ۵۶؍ ٹیمیں ٹورنامنٹ میں شر کت کرنے والی ہیں ۔ ۲۶؍ جنوری کو فائنل میچ کھیلا جائے گا

Nawab Malik
نواب ملک کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے۔ دیگر افراد کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

گزشتہ  برسوں کے طرح امسال بھی  چیتا کیمپ کے میونسپل گراؤنڈ پر ’ غلام احمد آرزو  اور ہارون سنجر میموریل کرکٹ ٹورنامنٹ‘ کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کا افتتاح ریاست کے کابینی وزیر نواب ملک کے ہاتھوں ہوا ۔ ٹورنامنٹ کا فائنل ۲۶؍ جنوری کو کھیلا جائے گا۔
  چیتا کیمپ کے میونسپل گراؤنڈ میںٹینس کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے   نواب ملک نے کہا کہ نوجوانوں میں کھیل کود کے فروغ کیلئے ایسے مقابلے انتہائی ضروری ہیں ۔ اس موقع پرروزنامہ ہندستان کے ایڈیٹر سرفراز آرزو،مولانا اطہر علی،مینارہ مسجد کے چیف ٹرسٹی عبدالوہاب اور دیگر معزز افراد موجود تھے۔ یاد رہے کہ  چیتا کیمپ میں گزشتہ ۴۲؍ برس سے بلا ناغہ ہر سال  اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔ ایک ہفتہ تک مسلسل جاری رہنے والے ممبئی کے اس سب سے بڑے ٹینس کرکٹ ٹورنامنٹ میں ۵۶؍ ٹیمیں حصہ  لے رہی ہیں ۔
  ٹورنامنٹ کے آرگنائزر اور صحافی جمال سنجر نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ آج بدھ کو  پہلے دن فیروز الیون     اے   کے الیون کو شکست دے کر پہلی کوالیفائی ٹیم بن گئی ہے۔فیروز الیون کے عمران نے اس موقع پر ۴؍چھکے لگا کر اپنی ٹیم کو زبردست فتح سے ہمکنار کیا  ۔قبل ازیں فیروز الیون کے رئیس قریشی عرف علی نے فیضان الیون سے مقابلے کے دوران شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ۵۱؍ رن بنا ئے۔ اس طرح وہ ٹورنامنٹ میں پہلی ہاف سنچری  بنانے والے کھلاڑی  بن گئے ہیں ۔
 اس موقع پر سرفراز آرزو نے اس ٹورنامنٹ کے آرگنائزر جمال سنجر ،جلال سنجر اور سنجر خانوادہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ہارون سنجر نے مسلم اکثریتی بستی  چیتاکیمپ میں نوجوانوں کو کھیل کود سے جوڑنے کا جو پودا لگایا تھا،  وہ  آج ایک پھل دار درخت کی صورت میں ہمارے سامنے  موجود ہے ۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں کھیلنے والے کھلاڑیوں نے آئی پی ایل اور دیگر بڑے کرکٹ مقابلوں میں حصہ لے کر اپنے علاقے کا نام روشن کیاہے۔
  بدھ کو علاقے کے اسسٹنٹ پولیس کمشنر باغبان   اور ٹرامبے پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر سدھیشور گوے، ممبئی سماج وادی پارٹی کے جنرل سیکریٹری وکیل خان،  مقامی سماجی کارکن  خان احمد علی،عبد الحمید شولاپوری ،  سعید خان ،عمران آزاد سنجر،ڈاکٹر علیم صدیقی،ڈاکٹر نسیم خان اور بڑی تعداد میں شائقین کرکٹ موجود تھے۔
 واضح ہو کہ یہ ٹورنامنٹ ۷؍ روز تک جاری رہے گا جسے یو ٹیوب  vusports پر لائیو دیکھا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK