EPAPER
Updated: March 10, 2021, 12:00 PM IST | Abdullah Arshad | Lucknow
مایاوتی کے دور میں شکر مل گھوٹالہ ہوا تھا ، اسی معاملے میں بی ایس پی لیڈر کیخلاف ای ڈی نے کارروائی کی
بی ایس پی کے دو ر اقتدار میں ہونےو الے شکر مل گھوٹالے میں منگل کو ای ڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بی ایس پی کے سابق ایم ایل سی حاجی اقبال کی ایک ہزا رکروڑ روپے سے زائدکی جائداد ضبط کرلی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حاجی اقبال اور ان کے گھر والوں کے نام پر ۷؍شکر ملیں رجسٹرڈ ہیں۔ ای ڈی نے ان پر کارروائی کی ہے۔ بی ایس پی کے دور اقتدار میں اتر پردیش کی ۱۱؍ شکر ملوں کو سستے داموں میں فروخت کر دیا گیاتھا جس کو سہارنپور کے بی ایس پی کے ایم ایل سی حاجی اقبال نے خرید لیا تھا ۔ اس معاملے میں دارالحکومت لکھنؤ میں رہنے والے سچیدانند عرف سچے نے ہائی کورٹ میں رٹ داخل کرکے معاملہ کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا تھا جس پر عدالت نے معاملہ کی سی بی آئی جانچ کرانےکا حکم دیا تھا ۔ اس معاملہ میں سی بی آئی کی ٹیم نے ۲۰۲۰ء میں حاجی اقبال اور ان کے قریبوں کے یہاں چھاپےبھی مارے تھے ،منگل کو ای ڈی نے حاجی اقبال اور ان کے گھروالوں کے نام سے رجسٹرڈ۷؍ شکر ملوں کو ضبط کر لیا ہے ۔ان ملوںکی قیمت تقریباً ایک ہزار کروڑ روپے سے بھی زائد بتائی جارہی ہے ۔ اس معاملہ میں ای ڈی اور سی بی آئی دونوں ٹیمیں جانچ کر رہی ہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ۲۰۱۹ء میں سی بی آئی نے اس معاملہ کی جانچ شروع کرتے ہوئے اس معاملہ میں روہنی دہلی کے راکیش شرما اور سمن شرما جبکہ اندرا پورم غازی آباد کے دھرمیندر گپتا ، سہارنپور کے سوربھ مکند ، محمد جاوید ، بیہٹ کے محمد نسیم اور محمد واجد کے خلاف جعلسازی اور کمپنی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی کی تھی۔ گزشتہ برس سی بی آئی کی ٹیم نے اس معاملہ میں حاجی اقبال سمیت تمام نامزد ملزمین کے ٹھکانوں پر چھاپہ مارکر کئی کمپنیوں کے دستاویز برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا ۔ آئی بی ، سی بی آئی ،انکم ٹیکس ، سی وی سی ، سیبی ، ڈی آر آئی ، سی بی ڈی ٹی اور این جی ٹی جیسی تمام جانچ ایجنسیاں اس معاملہ کی جانچ کررہی ہیں ۔ حال ہی میں بہٹ کے گرام پردھان کی تحریر پر انکے خلا ف جعلسازی کا کیس درج کیا گیا ہے ۔