EPAPER
Updated: March 31, 2021, 12:36 PM IST | Kazim Shaikh | Goregaon
یہاں ایک لکڑے کی دکان میں لگنے والی آگ سے آس پاس کی کئی دکانوں میں رکھی ہوئی تمام چیزیں خاکستر ہوگئیں ، آتشزدگی کے دوران ۲؍ افراد بھی زخمی ہوگئے ۔
یہاں ایک لکڑے کی دکان میں لگنے والی آگ سے آس پاس کی کئی دکانوں میں رکھی ہوئی تمام چیزیں خاکستر ہوگئیں ، آتشزدگی کے دوران ۲؍ افراد بھی زخمی ہوگئے ۔ انہیں علاج کیلئے اسپتال داخل کیا گیا ہے۔ آتشزدگی کے دوران آس پاس کے علاقے میں افراتفری مچ گئی تھی۔ تادم تحریر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔حادثہ کے وقت گوریگاؤں ریلوے اسٹیشن جانے والی سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت بند کرنی پڑی ۔ٹریفک نظام کافی دیر تک درہم برہم رہا۔ پولیس نے حادثاتی معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔ ممبئی فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ گوریگاؤں کے مغرب کی جانب منگل کی صبح تقریباً ساڑھے ۹؍بجے اچانک گجرات ساڑی سینٹر کے قریب رولنگ شاپنگ سینٹر میں گنیش ٹمبر مارٹ میں آگ لگ گئی تھی اور اس کی زد میںآکر دیگر ۷؍ دکانیں بھی خاکستر ہوگئیں۔ فائر کنٹرول روم کے مطابق آگ لگنے کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے البتہ ایسا بتایا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی ۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے کئی جلی ہوئی اشیاء اپنے قبضے میں لے کر جانچ کیلئے لیباریٹری بھیج دیا ہے ۔ حادثہ کے وقت آگ پر قابو پانے کیلئے ۶؍ فائر انجن اور ۴؍ پانی کے ٹینکر جائے وقوعہ پر بھیجے گئے تھے۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا ۔ فائر کنٹرول کے مطابق اس آتشزدگی میں انل کمار (۳۰) اور امرت گائیکواڑ (۴۰) زخمی ہوگئے تھے جنہیں الگ الگ اسپتالوں میں علاج کیلئے داخل کیا گیا ہے ۔ جائے وقوعہ پر موجود پولیس انسپکٹر کدم نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سے اطراف میں افرا تفری پھیل گئی تھی اور گوریگاؤں ریلوے اسٹیشن جانے والی سڑک کی آمدورفت کافی دیر تک کیلئے روک دی گئی تھی ۔