EPAPER
Updated: October 03, 2020, 6:10 AM IST | Srinagar
جموں کشمیر کےلیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے مطابق گمراہ نوجوانوں کو واپس لانا ہمارا سب سے بڑا مقصد ہے ۔
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بقول ان کے گمراہ نوجوانوں سے قومی دائرے میں واپس آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کے لوگ بالخصوص نوجوان تعمیر و ترقی کے راستے پر گامزن ہونے کے متمنی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت، جموں کشمیر کو تعمیر و ترقی کا ایک رول ماڈل بنانے کے لئے پر عزم ہے اور نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے گا۔موصوف نے ان باتوں کا اظہار جنوبی ضلع شوپیان کے شیر مال علاقے میں بیک ٹو ولیج پروگرام کے تیسرے مرحلے کو لانچ کرنے کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یوتھ ریکریشنل سینٹر اور چلڈرنز لائبریری کا بھی افتتاح کیا۔
منوج سنہا نے کہا کہ میں گمراہ نوجوانوں سے تشدد کا راستہ ترک کرنے کی اپیل کرتا ہوں وہ قوی دائرے میں واپس آئیں ، حکومت ان کو روزگار اور تجارت کے مواقع فراہم کرنے میں مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے جنم دن کے موقع پر بیک ٹو ولیج مرحلہ سوم کا آغاز کرنا انہیں خراج پیش کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو بابائے قوم کے اصولوں پر چلنا چاہئے۔ مہاتما گاندھی نے پنچایتی راج کی وکالت کی تھی اور جموں و کشمیر میں اسی نظام کے تحت لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔