EPAPER
Updated: December 20, 2020, 10:11 AM IST | Agency | New Delhi
اس کا مقصد مذہب اور ذات پات سے اوپر اٹھ کر ۲۰۰؍ غریب بچوں کو کھانا فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو بااختیار بنانا، ان کو ہنر سکھانا اور بچوں کی تعلیم کیلئے کوچنگ سینٹرقائم کرنا ہ
شاہین باغ کی خواتین نے کچھ نیا کرنے کے عزم کے ساتھ خواتین پر مبنی ایک تنظیم ’اتولیہ شاہین باغ‘ قائم کی ہے جس کا مقصد مذہب اور ذات پات سے اوپر اٹھ کر دو سو غریب بچوں کو کھانا فراہم کرنے کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنانا، ان کو ہنر سکھانا اور بچوں کو تعلیم دینے کے لئے کوچنگ سینٹر کا قیام ہے۔ یہ بات انہوں نے شاہین باغ رسوئی کے افتتاح کے موقع پر کہی ہے۔فی الحال اس گروپ میں۳۵؍ خواتین شامل ہیں اور اس میں مزید خواتین کو شامل کیا جائے گا اور اسے بڑا گروپ بنایا جائے گا تاکہ سماجی خدمات کادائرہ وسیع کیاجاسکے۔ فی الحال شاہین باغ رسوئی کی شروعات کی گئی ہے جس میں خواتین اپنے گھروں سے کھانا بناکر لائی تھیں اور اس کے ذریعہ کھانا بنانے کے ہنر کو متعارف کرانا ہے تاکہ شاہین باغ رسوئی کے توسط سے کاروباری شکل دی جاسکے۔اس گروپ سے وابستہ امینہ شیروانی نے کہا کہ مسلم خواتین کے بارے میں یہ بات کہی جاتی ہے کہ وہ گھروں سے نہیں نکلتیں یا وہ کچھ نہیں کرسکتیں۔ اس تصور کو توڑنے کے لئے ہم لوگوں نے اس گروپ کی تشکیل کرکے سماجی کاموں اور خدمت خلق کے میدان میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس گروپ کے ذریعہ ہم دو سو غریب بچوں کو مقوی اور صحت مند کھانا فراہم کریں گے اور اس کے لئے سروے کرکے غریب بچوں کی نشان دہی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بچوں کی تعلیم کے لئے کوچنگ سینٹر بھی چلائے جائیں گے جس میں بچوں کو تمام موضوعات پڑھائے جائیں گے اور خاص طور پر غریب بچوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہنرکی ٹریننگ کے ذریعہ خواتین کو روزگار سے جوڑنا ہے تاکہ وہ خود انحصار اور خود کفیل بن سکیں۔