EPAPER
Updated: November 30, 2020, 10:28 AM IST | Agency | London
بچوں اور خواتین سمیت سیکڑوں افراد کا احتجاج ، پولیس سے جھڑپیں، پابندیوں کی خلاف ورزی پر انتظامیہ سخت
برطانیہ کے دارالحکومت لندن میںکورونا سے تحفظ کیلئے حکومت کی جانب سے لگائے گئے لاک ڈاؤن کے خلاف سنیچر کو سینکڑوں افراد لندن کے وسطی علاقے میں سڑکوں پراحتجاج و مظاہرہ کیلئے جمع ہوئے اس دوران کچھ مظاہرین اور پولیس افسران کی جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق مظاہرین کی بڑی تعداد نے ماسک نہیں لگائے تھے اور حکومت کی پابندیوں کے خلاف نعروں پر مبنی بینرز اور پلے کاارڈز اٹھائے ہوئے تھے۔ مظاہرین میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔
لندن پولیس کے مطابق لندن میں گروپس میں جمع ہونے پر ۶۰؍ سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ گرفتاری مختلف جرائم کے لئے کی گئی ہیں جن میں کوروناوائرس سے متعلق پابندیوں کی خلاف ورزی بھی شامل ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔دیگر ذرائع نے گرفتار مظاہرین کی تعداد ۱۶۰؍ ہونے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے ہی لاک ڈاؤن کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس سے قبل نومبر میں پولیس نے ایسے ہی احتجاج کے دوران ۱۹۰؍مظاہرین کو گرفتار کیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق مظاہرین کورونا وائرس کے تعلق سےپھیلائی گئی اطلاعات کو مفروضہ قرار دیتے آئے ہیں۔ ان کاکہنا ہے کہ اس پروپیگنڈے کی زد میں آ کر برطانوی حکومت خود اپنے پیروں پر کلہاڑی ماری رہی ہے۔ لاک ڈائون سے معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ وہیں برطانوی حکام نے پابندیوں کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا ہے۔