EPAPER
Updated: March 02, 2021, 11:46 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
نغمہ نگار جاوید اختر کے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ہتک عزت کے درج کردہ مقدمہ پر ہونے والی شنوائی کے دوران پیر کو عدالت نے اداکارہ کے خلاف وارنٹ جاری کیا ہے ۔
نغمہ نگار جاوید اختر کے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ہتک عزت کے درج کردہ مقدمہ پر ہونے والی شنوائی کے دوران پیر کو عدالت نے اداکارہ کے خلاف وارنٹ جاری کیا ہے ۔ شنوائی سے غیر حاضر ہونے کے سبب کنگنا رناوت کے خلاف کورٹ نے ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے ۔
واضح رہے کہ جاوید اختر نےگزشتہ سال نومبر میں وکیل جئے بھاردواج کے ذریعہ کنگنا رناوت کے خلاف ہتک عزت کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔ درج کردہ شکایت کے مطابق کنگنا نے رپبلک ٹی وی کو دیئے گئے ایک انٹر ویو کے دوران اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے تعلق سے جاوید اختر کے خلاف بیان دیا تھا ۔ جاوید اختر نے اس سلسلہ میں کنگنا پر الزام لگایا ہے کہ بے بنیاد الزام لگاتے ہوئے اداکارہ نے ان کی شبیہ خراب کرنے کی کوشش کی ہے ۔
پیر کو ہونے والی سماعت کے دوران جاوید اختر کے وکیل نے کورٹ کو بتایا کہ اداکارہ مذکورہ بالا کیس سے نہ صرف اچھی طرح واقف ہے بلکہ اس سلسلہ میں کئے گئے ٹویٹ کا بھی انہوںنے جواب دیا ہے لیکن عدالت میں حاضری کے حکم کے باوجود کورٹ سے غیر حاضر رہی ہیں ۔
وکیل نے یہ بھی کہا کہ کیس سے باخبر ہونے کے باوجود اداکارہ نے کورٹ میں غیر حاضر ہونے کے سلسلہ میں نہ تو کوئی اپیل کی ہے اور نہ کوئی صفائی پیش کی ہے ۔ اس پرکنگنا کے وکیل رضوان صدیقی نے داخل کردہ درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ جن ۴؍ گواہوں کو اس کیس کا شاہد بنایا گیا ہے ، اس کی اب تک تصدیق نہیں کی گئی ہے۔‘‘ اس پر میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ آر آر خان نے کہا کہ ’’ اس ضمن میں دیئے گئے آرڈر کو چیلنج کرنے کا اختیار ضرور ہے لیکن مذکورہ بالا کیس کے سلسلہ میں جب سمن دیا گیا اور کورٹ میں حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی تو فریق کو کورٹ میں حاضر ہونا چاہئے تھا ۔‘‘یہ کہتے ہوئے کورٹ نے کنگنا کیخلاف ضمانتی وارنٹ جاری کرتے ہوئے سماعت کو ۲۶؍ مارچ تک کیلئے ملتوی کر دیا ۔