Inquilab Logo Happiest Places to Work

کورونا وائرس : اب تلنگانہ، ہماچل پردیش اورمغربی بنگال میں بھی اسکول بند

Updated: March 15, 2020, 12:31 PM IST | Agency | New Delhi

ملک بھر میں وائرس سے متاثر افراد کی تعداد ۸۴؍ ہوگئی، ان میں سے ۱۰؍ صحتیاب ، وائرس سے نپٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ۵۲؍ لیباریٹریز قائم کی گئیں۔ مختلف ریاستوں میں احتیاطی تدبیر کے طور پر، اسکولوں، سنیما گھروں اور میلوں وغیرہ پر پابندی لگائی گئی۔ ایران میں پھنسے ہوئی ہندوستانی باشندوں کو واپس لانے کیلئے خصوصی اقدامات جاری۔ وزارت صحت کی عوام سے گھبرانے کے بجائے محتاط رہنے کی اپیل

Coronavirus fear, Barcelona Airport - Pic : PTI
بارسلونا ایئر پورٹ پر مسافر ماسک پہنے ہوئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

کورونا وائرس کے معاملات ہندوستان میں بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ اس کے پیش نظر مختلف ریاستوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کر دی ہیں۔  اسی  کے تحت  ایک روز قبل دہلی، یوپی اور بہار میں اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔ اب  تلنگانہ، ہماچل پردیش اور مغربی بنگال نے بھی ہدایت جاری کی ہے کہ ریاست کی اسکولوں اور کالجوں  نیز بھیڑ بھاڑ والے مقامات کو بند کر دیا جائے ۔ ان تینوں ہی ریاست میں ۳۱؍ مارچ تک کیلئے یہ  حکم جاری کیا گیا ہے۔
  تلنگانہ میں اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد فیصلہ 
  سنیچر کو  تلنگانہ  میں وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر رائو کی قیادت میں  ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں ریاست میں کورونا وائرس  اور اس سے تحفظ کی خاطر کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ  آئندہ ۳۱؍ مارچ تک ریاست کی تمام اسکولوں اور کالجوں کو بند رکھا جائے۔  اس کے علاوہ سنیما گھروں اور شاپنگ مال کو بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ البتہ جن اسکولوں میں دسویں جماعت کے بورڈ کے امتحانات جاری ہیں انہیں اس حکم سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔  شام کو کابینہ کے اجلاس کے بعد خود وزیراعلیٰ  کے سی آر نے اس کا اعلان کیا۔ 
 مغربی بنگال میں  اہم اقدامات 
  ادھر مغربی بنگال  میں بھی حکم جاری کیا گیا ہے کہ ۳۱؍ مارچ تک ریاست کے تمام اسکول ، کالج اور سنیما گھر وغیرہ بند رکھے جائیں۔    وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے دفتر سے جاری ایک حکم نامے میں  یہ بھی کہا گیا ہے کہ   بورڈ امتحانات کے علاوہ اسکولوں کو کسی بھی طرح کے امتحان منعقد کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس حکم کے علاوہ بھی ریاستی حکومت نے کئی اہم اقدامات کئے ہیں۔  حکومت نے مختلف سطحوں پر مہم چلا رکھی ہے ۔میڈیا اور دیگر ذرائع سے عوام میں بیداری لائی جارہی ہے  ۔ ضلع اسپتالوں میںآئسولیشن وارڈ ۔بیلیا گھاٹا آئی ڈی اسپتال کے علاوہ ایس کے ایم اسپتال میں بھی کورونا وائرس کے جانچ کیلئے وارڈ بنایا گیا ہے ۔بنگلہ دیش سے متصل علاقوں میں بھی زمین کے راستے سرحد پار کرنے والوں کی سخت جانچ کی جارہی ہے ۔
 ہماچل پردیش میں  تہواروں اور میلوں پر بھی پابندی
  ہماچل پردیش اسمبلی میں سنیچر کو وزیراعلیٰ جےرام ٹھاکر نے  ایوان کو بتایا کہ ریاست میں اب تک کورونا وائرس کو کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے  البتہ ۵۹۳؍ افراد ایسے ہیں جو ان ممالک سے آئے ہیں جہاں کورونا وائرس کی وبا پھیلی ہے۔ لہٰذا ان لوگوں کو آئسولیشن وارڈ  میں رکھا گیا ہے۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے  باشندوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیںہے ۔  پھر بھی حکومت نے احتیاطی تدبیر کے طور پر ریاست کی تمام اسکولوں اور کالجوں کو  بندکرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ ساتھ ہی سنیما گھروں اور بھیڑ بھاڑ والے دیگر مقامات کو بھی  بند رکھا جائے گا۔ جے رام ٹھاکر نے بتایا کہ  ہماچل پردیش میں کئی طرح کے تہوار  منائے جاتے ہیں جس میں عوام جمع ہوتے ہیں لیکن اس دوران ان تہواروں اور  میلوں  پر بھی پابندی عائد کی جائے گی۔  ساتھ ہی نیپال کی سرحد سے بڑی تعداد میں لوگ ریاست  میں داخل ہوتے ہیں۔ انہیں بھی ایک علاحدہ جگہ رکھ کر ان کی طبی جانچ کی جائے گی۔ 
  ملک بھر میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ۸۴؍ ہوگئی
   مرکزی وزارت صحت کے سیکریٹری سنجیو کمار نے سنیچر کو اطلاع دی کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد  ۸۴؍ ہوگئی ہے  جن میں سے ۱۰؍ صحتیاب ہو گئے ہیں  جنہیں  اسپتال سے چھٹی دیدی گئی ہے۔  سنجیو کمار نے  یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  اب تک ملک میں کورونا وائرس سے لڑنے کیلئے مکمل طور پر تیار  لیباریٹریز کی تعداد ۵۲؍ ہو گئی ہیں جہاں اس مہلک مرض سے لڑنے پر کام کیا جا رہا ہے۔  انہوں نے بتایا کہ ایران میں پھنسے ہوئے  ہندوستانی باشندوں کو واپس لانے کے اقدامات جاری ہیں ۔ ان میں سے ایک فلائٹ  سنیچر کی دیر رات پہنچنے والا تھا۔ سنجیوکمار نے کہا کہ ہندوستانی شہریوں کو بیرون ممالک سفر سے بچنے کی صلاح دی گئی ہے اور جن ممالک میں کورونا  وائرس کے اثرات پائے گئے  ہیں یا جہاں اس کے سبب ہلاکتوں کی رپورٹ بار بار مل رہی ہیں،لوگوں کو وہاں کاسفر نہ کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی شروعات چین  سے ہوئی تھی اور اب یہ اٹلی، جنوبی کوریا، امریکہ ، ایران  اور ڈنمارک وغیر تک پھیل چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK