EPAPER
Updated: May 10, 2020, 10:21 AM IST | Kazim Shaikh | Navi Mumbai
یہاں کے اے پی ایم سی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے کورونا کے مریضوں پر قابوپانے کیلئے۷؍ دنوں یعنی ۱۱؍ مئی سے ۱۷؍ مئی تک تمام ۵؍ مارکیٹوں کو بندکرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔
یہاں کے اے پی ایم سی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے کورونا کے مریضوں پر قابوپانے کیلئے۷؍ دنوں یعنی ۱۱؍ مئی سے ۱۷؍ مئی تک تمام ۵؍ مارکیٹوں کو بندکرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ممبئی مرچنٹ چیمبرکےصدر کیرتی رانا کے مطابق مارکیٹ کی صفائی دواؤں کا چھڑکاؤ اور پوری مارکیٹ کو سینی ٹائز کرنے کیلئے بھاجی پالا مارکیٹ، کاندابٹاٹا مارکیٹ، مسالہ مارکیٹ، اناج مارکیٹ اور فروٹ مارکیٹ بند رہیں گی۔انھوں نےدعویٰ کیا ہےکہ اس دوران کوشش کی جارہی ہے کہ باہرہی باہر یعنی مارکیٹ میں نہ لے جاکر دکانوں پر مال پہنچانے کی کوشش کی جائے۔نوی ممبئی اے پی ایم سی مارکیٹ میں ’ ممبئی مرچنٹ چیمبر کے صدر کیرتی رانا نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ ایم پی ایم سی مارکیٹ میں مسالہ مارکیٹ میں کورونا مثبت کے مریض کم ہیں لیکن دوسری مارکیٹوں میں اب تک مارکیٹ کے دلال ، ملازمین ، مزدور اور مالکین کو ملاکر ۸۰؍ مریض پائے گئے ہیں ۔اسی لئے بڑھتے ہوئے مریضو ںکی وجہ سے جمعہ کو کن کمشنر ، بیوپاری مرچنٹ ، ماتھا ڈی کامگار اور دوسرے افراد کے ساتھ ایک میٹنگ کی گئی تھی ۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ مارکیٹ کی صفائی ، دواؤں کا چھڑکاؤ اور پوری مارکیٹ سینی ٹائزر کرائی جائےگی ۔
کیرتی رانا کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں کئے گئے فیصلے کے مطابق اس سلسلے میں ممبئی مرچنٹ اسوسی ایشن کی جانب سے وزیرا علیٰ اودھو ٹھاکرے کو خط دے کر مطالبہ کیا گیا تھا اورمطالبہ منظور بھی ہوگیا ہے ۔ اب یہ مارکیٹ ۱۱؍ مئی سے ۱۷؍ مئی تک ۷؍دنوں کیلئے بند رہے گی ۔
ایک سوال کے جواب میں رانا نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے اب تک مارکیٹ میں خورد نوش کی ۶۵؍ ہزارگاڑیاں آچکی ہیں ۔ اس کے علاوہ رمضان کے پیش نظر بیرون ملک سے کھجور بھی بڑےپیمانےپر منگوائےگئے۔ اسی دوران مارکیٹ بند رہے گی لیکن ایم پی ایم سی مارکیٹ سےسپلائی ہونے والی اشیا مارکیٹ میں نہ لاکر شہر کے تمام علاقوں کی دکانوں پر پہنچانے کی کوشش کی جائے گی اور عوام کو کوئی تکلیف نہیں ہوپائےگی۔ بقول رانا نوی ممبئی مہانگرپالیکانے ان کے مطالبات قبول کرلئے ہیں ۔ پیر سے مارکیٹ میںسینی ٹائزر وغیرہ کا کام شروع ہوجائے گا ۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اگر شہر کے کسی بھی حصے میں کوئی اشیا نہیں پہنچ رہی ہے تو مجھ سے رابطہ قائم کیا جائے ، سامان پہنچانے کی ذمہ داری میری ہے ۔