Inquilab Logo Happiest Places to Work

کورونا کے سبب لگاتار دوسری بار نئے سال کا جشن نہیں منایا گیا

Updated: January 02, 2022, 1:28 AM IST | Mumbai

سال نو کا جشن منانے کے تعلق سے مشہور گیٹ وے آف انڈیا،گرگائوں،دادر اور جوہو بیچ سنسان نظر آئے،پولیس نے شام۵؍بجے ہی سب کو ہٹادیا

Gateway of India and Gargam Chopati looked so deserted on New Year`s Eve
نئے سال کی آمد کے موقع پر گیٹ وے آف انڈیا اور گرگام چوپاٹی اس طرح سنسان نظر آئے

یہ لگاتار دوسرا سال ہے جب ممبئی میں نئے سال کا استقبال اس کے شایان شان نہیں کیا گیا۔ شہر میںاس سال بھی نئے سال کاجشن کوروناکے خطرے کی نذر ہوگیا۔اس تعلق سے ایک پولیس افسر نے بتایا کہ نئے سال کی آمد کے جشن کےتعلق سے ممبئی کے مشہور مقامات یعنی گیٹ وے آف انڈیا،مرین ڈرائیو، دادر، گرگائوں اور جوہو جیسے مشہور ساحل سمندر ویران نظر آئے کیوںکہ ان مقامات پر اور مختلف گلی محلوں میں تعینات کئے گئے پولیس افسران نے اس بات کو یقینی بنایا کہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے اور کوئی بھی شخص جشن نے نام پر بھیڑ بھاڑ نہ کرسکے۔
 جمعہ کی شام ۵؍بجے سے ہی پولیس اہلکاران مقامات پر عوام کےسامنے اعلان کرتے نظر آئے کہ وہ ان مقامات کو خالی کردیں۔ممبئی پولیس نےجمعہ کی شام کو ٹویٹ کیا کہ ’’یہ ممبئی کیلئے توصیفی پوسٹ ہے۔ یہ سنسان پڑی گلیاں اس بات کا اعلان کررہی ہیں کہ آپ کو اپنی اور اپنے شہر کی کس قدرفکر ہے۔یہ ۲۰۲۲ء کو خوش آمدید کہنے کا نہایت ہی مناسب طریقہ ہے۔
 ایسا نہیں ہے کہ نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے شہر میں کچھ نہیں کیا گیا۔نئے سال کے موقع پرممبئی کی شان کہی جانے والی چیزوں کو روشنیوں سے منور کیا گیا تھا۔ان میں باندرہ ورلی سی لنک،بی ایم سی کی عمارت اور سی ایس ایم ٹی اسٹیشن خصوصی طور پر قابل ذکر ہیں۔ قابل ذکر بات یہ بھی کہ اس موقع پر ریاستی اسمبلی کی عمارت میں کسی قسم کا چراغاں نہیں کیا گیا تھا۔
  کورونا کی وجہ سے نافذ کی گئی پابندیوں کے سبب زیادہ تر شہریوں نے اپنے گھروں  میں اہل خانہ یا دوستوں کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا۔ چند معاملات میں لوگوں نے اپنی عمارت کی ٹیرس پر جمع ہوکر بھی نئے سال کا استقبال کیا۔
 پولیس افسر نے مزید کہا کہ ممبئی پولیس کی جانب سے ۱۳۴؍مقامات پر ناکہ بندی کی گئی تھی جس میں گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔ اس کے علاوہ سینئر پولیس افسران سڑکوں پر پیٹرولنگ کررہے تھے۔جمعہ کی رات سے سنیچر کی صبح تک ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے  اس بات کی تصدیق کیلئے کہ کہیں وہ شراب پی کر گاڑی تو نہیں چلارہے ہیں، چند ڈرائیوں کے خون کے نمونے  حاصل کئے۔اسی طرح تیز رفتاری سے گاڑی چلانے والوں کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا۔
 مزید ایک افسر نے بتایا کہ موٹر وہیکل ایکٹ یعنی گاڑیوں سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ایک ہزار ۳۷۵؍افراد کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ۱۸؍افراد شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے پائے گئے،اس کے علاوہ ۱۲؍ڈرائیور کے خلاف تیز رفتاری اور لاپروائی سے گاڑی چلانے کے تحت معاملہ درج ہوا ہےجبکہ دو پہیہ گاڑی کو بغیر ہیلمٹ چلانے والے۴۰۸؍ اور ۳؍ افراد کے سواری کرنےوالوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔۶؍افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ ۲۷۹؍(تیز رفتاری سے گاڑی چلانے یا عوامی راستہ پر گاڑی چلانے) کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
 واضح رہے کہ جمعہ کو ہی ممبئی پولیس نے ایک اور حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت ۱۵؍جنوری تک شام ۵؍بجے سے صبح ۵؍بجے تک ساحل سمندر،کھلے میدان،سی فیس،گارڈن، پارک اور ایسے ہی دیگر مقامات پر جانے کی پابندی عائد کی گئی ہے۔یہ پابندی اس لئے عائد کی گئی ہے کہ شہر میں تیزی سے بڑھتے کورونا اور اومیکرون کے معاملات پر قابو پایا جاسکے۔

new year Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK