EPAPER
Updated: March 27, 2021, 11:56 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Kalyan
کلیان ڈومبیولی میں کورونا سے متاثر مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ سے سرکاری اسپتالوںمیں بسترو ں کی کمی محسوس کی جانے لگی
کلیان اور ڈومبیولی میںکورونا وائرس کے معاملات میں تشویشناک اضافہ ہو نے کی وجہ سے سر کاری اسپتالوں میں بستروں کی کمی محسوس کی جارہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی حدود میں سرکاری اسپتالوں میں متاثر ین کی تعداد اچانک بڑھ جانے کی وجہ سے شہری انتظامیہ کو بستروں کی فراہمی کیلئے کافی جدو جہد کر نی پڑ رہی ہے۔ دوسری جانب سر کاری اسپتالوں میں مر یض کے رشتہ داروں کی بیڈ کے حصول کیلئے بھاگ دوڑ کو دیکھتے ہوئے محسوس ہو تا ہے کہ میونسپل انتظامیہ کی طبی سہولیات صرف زبانی جمع خرچ تک ہی محدود ہے جبکہ زمینی سطح پر حالات اس کے بالکل بر عکس ہیں۔
کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) کی حدود میں مارچ کے آغاز سے ہی کورونامر یضوں کی تعداد تیزی سے بڑ ھنے لگی تھی۔ محض ۲۰؍ دن میں ۱۰؍ ہزار سے زائد کورونا پازیٹیو ملنے سے انتظامیہ کی تشویش میں اضافہ ہو گیا تھا۔ میونسپل کمشنر وجے سور یہ ونشی نے دعویٰ کیا تھا کہ ہمارے پاس بیک وقت ساڑ ھے ۵؍ ہزار مریضوں کے علاج کا انتظام موجود ہےلیکن کورونا متاثر ین کے علاج کیلئے مختص سر کاری ا سپتالوں کے بیڈ تقریباً بھر چکے ہیں۔
اس ضمن میںچیف میڈ یکل افسر ڈاکٹر سمیر سرونکر نے بتایا کہ کے شہری انتظامیہ نے کورونا متاثر ین کے علاج کیلئے کے ڈی ایم سی حدود میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی ہے۔ تقریباً ۵۷۹۶؍ بیڈ مہیا کروائے گئے ہیں۔ان میں آکسیجن، وینٹی لیٹر اور آئی سی یو جیسی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے لیکن کورونا متاثر ین کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے میونسپل انتظامیہ کے ذریعہ بنائے گئے سبھی سرکاری اسپتالوں میں ایک بھی بیڈ خالی نہیں ہے۔عیاں رہے کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران روزانہ ۸۰۰؍ سے ۹۰۰؍ مر یض پائے جانے سے شہر یوں میں خوف وہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے دوسری جانب انتظامیہ نے بھی احتیاطی تدا بیر پر سختی سے عمل کر نا شروع کردیا ہے۔ وہیں کے ڈی ایم سی کی حدود میں بڑ ھتی مر یضوں کی تعداد کے پیش نظر دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ ہو نے کے آثار نظر آر ہے ہیں۔