EPAPER
Updated: September 17, 2021, 9:48 AM IST | Sadaat Khan | Mumbai
سپلیمنٹری امتحان کیلئے ممبئی سمیت ریاست کے دیگر اضلاع کےصرف ۵؍ہزار ۱۰؍ طلبہ کی شرکت جن میں ممبئی کے ۲؍ہزار ۴۷۶؍ طلبہ بھی شامل ہیں۔ کووڈ۱۹؍ کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ امتحان منعقدکیا گیا۔ ۲۲؍ ستمبر سے ایس ایس سی کابھی آف لائن امتحان منعقدکیاجائے گا۔ دسویں جماعت کےکچھ طلبہ خوفزدہ
:کوروناوائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے گزشتہ ۱۹؍مہینےسے اسکول اور کالج بند ہیں اور امتحانات بھی آن لائن منعقد کئے جارہے ہیں جبکہ امسال کے بورڈ امتحانات منسوخ کرکے طلبہ کو پروموٹ کیا جاچکا ہے۔ تاہم کوروناوائرس کی شکایت میں کمی آنے سے اسٹیٹ بورڈ کی طرف سے ۱۹؍مہینے میں پہلی مرتبہ بارہویں جماعت کا آف لائن سپلیمنٹری امتحان ( ری ایگزام ) کا جمعرات سے آغاز ہواہے جس میں وہ طلبہ شریک ہوئے ہیں جوگزشتہ سال کسی وجہ سے ایچ ایس سی کا فارم پُر نہیں کرسکے تھے یا امتحان میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں جن طلبہ کو پروموٹ کیاگیاہے لیکن وہ اپنے مارکس سے مطمئن نہیں ہیں، وہ بھی امتحان میں شریک ہیں ۔سپلیمنٹری امتحان کیلئے ممبئی سمیت ریاست کے دیگر اضلاع سےصرف ۵؍ ہزار ۱۰؍ طلبہ نے فارم پُر کئے ہیں جن میں ممبئی کے ۲؍ہزار ۴۷۶؍ طلبہ شامل ہیں۔ کووڈ۱۹؍ کے پیش نظر تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ آف لائن امتحان منعقد کیاگیا۔ ۲۲؍ ستمبر سے ایس ایس سی کا آف لائن امتحان منعقد کیاجائے گا۔
شہر ومضافات کے کل ۱۸؍ کالجوںمیں ایچ ایس سی آف لائن سپلیمنٹری امتحان کے مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں جمعرات کو مجموعی طورپر ۲؍ ہزار ۴۷۶؍ طلبہ نے انگریزی کا پرچہ دیا۔ ماہم نائٹ ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے معلم محمد وسیم نے بتایاکہ ’’ہمارے کالج سے ۲ ؍ طالب علموں نے اس امتحان میں شرکت کیلئے فارم پُر کیا تھا جن میں کامل شیخ نامی طالب علم کا سینٹر ماٹونگا کے روپاریل کالج ہے۔ ‘‘
دھاراوی میں رہنےوالے کامل شیخ نے کہاکہ ’’ امتحان گاہ میں کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیاگیا۔ ماسک پہن کر سبھی طلبہ نے شرکت کی اور اس دوران سماجی دو ری بھی رکھی۔ امتحان گاہ پر بھیڑبھاڑ روکنے کیلئے بھی معقول انتظام کی کیا گیا تھا۔ عام دنوں کے امتحان کےمقابلے اس امتحان میں کچھ فرق ضرور دکھائی دیا مگر زیادہ پریشانی نہیں ہوئی ۔ میرا اگلا پیپر سنیچر کو ہے ۔‘‘
اکولہ کے روہن دیشمکھ نے کہاکہ ’’ میں شاردا ودیانکیتن میں پڑھتاہوں۔ کوروناکی وجہ سے امسال مارچ- اپریل میں منعقد کئے گئے ایچ ایس سی امتحانات منسوخ کرکے انٹرنل مارکس کی بنیادپر طلبہ کو پروموٹ کیا گیا ہے ۔ مجھے بھی ۵۷؍فیصد مارکس حاصل ہوئے جس سے میں مطمئن نہیں ہوں اس لئے میں نے دوبارہ امتحان دینے کا فیصلہ کیاہے جس کے تحت جمعرات کو میں نے انگریزی کا پیپر دیاہے۔ اب ۲۲؍ستمبر کو میرا فزکس کا پرچہ ہے۔ ‘‘
ایک سوال کے جواب میں روہن نے کہاکہ ’’تقریباً ۱۹؍مہینے بعد آف لائن امتحان منعقد کیاگیا ہے۔ امتحان گاہ میں احتیاطی تدابیرپر سختی سے عمل کیاجارہاہے اور سبھی طلبہ نے ماسک پہن کر امتحان دیا ساتھ ہی افرادی دوری کا بھی خیال رکھاگیا۔ پرچہ آسان تھا اس لئے زیادہ پریشانی نہیں ہوئی ، اس کے باوجود کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے طلبہ میں کچھ خوف ضرور دکھائی دیالیکن امتحان شروع ہونے کےبعد یہ خوف کم ہوگیاتھا۔‘‘
ایچ ایس سی کے ساتھ ہی ۲۲؍ستمبر سے ایس ایس سی کے سپلیمنٹری آف لائن امتحان کا بھی آغاز ہونے والا ہے جس کیلئےممبئی اور ریاست کے دیگر اضلاع سے صرف ۴؍ہزار ۲۴۹؍ طلبہ نے فارم پُر کئے ہیں۔ کووڈ ۱۹؍کی وجہ سےجن طلبہ نے گزشتہ ۱۹؍مہینے سےسنجیدگی سے پڑھائی نہیں کی ہے ، وہ آف لائن امتحان میں شریک ہونے سے گھبرا رہےہیں۔