Inquilab Logo Happiest Places to Work

کلر اسٹیکر کی پابندی سے چیک ناکوں پر ٹریفک میں کمی

Updated: April 23, 2021, 8:59 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

ویسٹر ن ایکسپریس ہائی وے پر پولیس اہلکار نجی گاڑیوں پرسرخ ، سبز اور پیلے رنگ کے اسٹیکر لگانے میں مصروف ۔ ایسی گاڑیوں کی چیکنگ بھی سرگرمی سے جاری

Vehicles are less visible at the Dahisar checkpoint.Picture:Midday
ہیسر چیک ناکہ پرگاڑیاں کم نظرآرہی ہیں۔ تصویر:مڈڈے

ممبئی سمیت پورے مہاراشٹر میں ایک بار پھر کورونا کے معاملات بے قابو ہوگئے ہیں اسی لئے حکومت ، شہری انتظامیہ اور پولیس  اس وبا کی روک تھام کیلئے مختلف اقدام کررہی ہے ۔ پولیس نے بھیڑبھاڑ کم کرنے اور لوگوں کو غیر ضروری طورپر باہر نکلنے سے روکنے کیلئے نجی گاڑیوں پر کلرکوڈ والے اسٹیکر چسپاں کرنے کاسلسلہ شروع کیا ہے جو انہیں افراد کو فراہم کئے جارہے ہیں جو ضروری اشیاء اور خدمات پر مامور ہیں۔ اس پابندی کے سبب اب چیک ناکوں پر ٹریفک میں کافی کمی نظر آرہی ہے ۔ اس کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے پولیس گاڑیوں کی چیکنگ بھی کررہی ہے۔  
 دہیسر چیک ناکہ پر ڈیوٹی دینے والے ایک  افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’’کورونا پر قابو پانے کیلئے ایک بار پھر حکومت مہاراشٹر نے لاک ڈاؤن لگا دیا  ہے ،  اس کے باوجود ممبئی کی سڑکوں پر  پرائیویٹ گاڑیوں کی بھیڑ بڑھتی جارہی تھی ۔ اسی لئے پولیس کمشنر ہیمنت نگرالے نے نجی گاڑیوں پر کنٹرول کرنے کیلئے ۳؍ رنگ  کے اسٹیکر لگانے کا حکم جاری دیا تھا  اور اب اس کا اثر سڑکوں پر نظر آنے لگا ہے ۔ 
 دہیسر چیک ناکہ کے منیجر بھوپال واڈیکر نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران دہیسر چیک ناکہ سےجنوبی ممبئی کی طرف جانے والی گاڑیوں کی تعداد  تقریباً ۸۰ سے ۹۰؍ ہزار ہوتی تھی لیکن  جب سے نجی گاڑیوں پر لال، پیلا او رہرا اسٹیکر لگانے کا فرمان جاری کیاگیا ہے ، تب سے دہیسر چیک ناکے  سے ۸۰؍ فیصد گاڑیاں کم گزر رہی ہیں ۔  انھوں نےیہ بھی کہا کہ پولیس کمشنر ہیمنت نگرالے کے حکم کے بعد سے اب ممبئی پولیس نے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر دوڑنے والی گاڑیوں پر اسٹیکر لگانےکا کام جنگی پیمانے پر شروع کردیا ہے۔ گزشتہ ۳؍ دن میں تقریباً ۲۰؍ فیصد پرائیویٹ گاڑیوں پر اسٹیکر لگائے جانے کے بعد اس کا اثر دہیسر چیک ناکہ پر نظر آرہا ہے ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ لاک ڈاؤن میں بھی ممبئی کی طرف ۸۰؍ ہزا ر گاڑیاں جاتی تھیں اور کلر کوڈ والے اسٹیکر لگانے کے بعد اب صرف تقریباً ۱۰؍ ہزار گاڑیاں ممبئی کی طرف جارہی ہیں ۔ اسی وجہ سے دہیسر چیک ناکہ پر ٹریفک کی بھی دشواری ختم ہوگئی ہے ۔  دیگر دنوں میں ٹول ناکہ کے پاس ٹریفک کا عالم یہ ہوتا تھا کہ ممبئی اور کاشی میرا کی طرف ۲؍ کلومیٹر تک گاڑیوں کی لمبی قطار لگی رہتی تھی لیکن اب ٹریفک  نا کے برابر ہے ۔ 
 دہیسر چیک ناکہ پر پولیس بندوبست  پر مامور  ایک پولیس انسپکٹر نے بتایا کہ ۳؍ کلر  والے اسٹیکر لگانے کا حکم ملنے کے بعدکافی گاڑیوں پر اسٹیکر لگائے گئے ہیں اور آئندہ  دنوں میں جن گاڑیوں پر اسٹیکر لگائے گئے ہیں ، ان کی بھی جانچ کرنے کی تیاری  شروع کردی گئی ہے ۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ  جو لوگ کلر اسٹیکر لگاکر بغیر کسی وجہ کے گھومتے ہوئے پائے  جائیں گے  ،  ان پر پولیس سخت کارروائی کرے گی ۔ پولیس کے مطابق نجی گاڑیوں میں اسٹیکر لگانے کے بعد سڑک حادثات بھی کم ہوں گے ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK