EPAPER
Updated: March 10, 2021, 11:17 AM IST | Agency | Washington
امریکہ میں سرکاری طبی ادارے کی نئی گائیڈ لائن جاری۔ ویکسین کی دونوں خوراک لے چکے افراد کیلئے راحت
امریکہ میں طبی ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن نے کورونا وائرس سے متعلق نئی ہدایات جاری کی ہیں جن کے تحت ایسے امریکی جنہوں نے ویکسین کی خوراک مکمل کر لی ہے، وہ بغیر ماسک اور سماجی فاصلے کے اصول سے ہٹ کر کمرے کے اندر جمع ہو سکتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ ایسی ہدایات ہیں جن کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔گائیڈ لائنز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن لوگوں نے ویکسین لگوا لی ہے وہ ایک گھر میں بھی جمع ہو سکتے ہیں جہاں کورونا لاحق ہونے کے کم خطرے کا سامنا کرنے والے افراد بھی موجود ہوں۔ یعنی وہ بزرگ جنہوں نے ویکسین لگوا لی ہے وہ اپنے صحت مند بچوں اور ان کی اولاد سے مل سکتے ہیں۔
سی ڈی سی نے پیر کو یہ رہنما اصول جاری کئے ہیں۔جیسے جیسے بالغ افراد زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویکسین لگوا رہے ہیں۔ یہ سوال زور پکڑتا جارہا ہے کہ آیا ویکسی نیشن ان کو اپنے خاندان کے لوگوں سے ملنے، سفر کرنے یا دیگر امور کی زیادہ آزادی فراہم کرتی ہے؟ سی ڈی سی کی گائیڈ لائنز انہی سوالات کے جواب فراہم کرتی ہیں۔سی ڈی سی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر روشل والینسکی نے کہا ہے کہ ہر روز جس قدر زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے ہم بازی پلٹ رہے ہیں۔
ایک پریس بریفنگ میں انہوں نے ان گائیڈ لائنز کو معمول کی زندگی کی بحالی کی جانب پہلا قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ نئے کیس اور اموات میں کمی ہوتے ہی ویکسین لگوانے والے افراد کیلئے مزید سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی۔سی ڈی سی تاہم اب بھی یہ سفارش کر رہا ہے کہ جن لوگوں نے مکمل ویکسین کے دو ڈوز لگوا لئے ہیں وہ چہرے پر اچھی طرح ماسک پہنیں اور بڑی محفلوں سے گریز کریں۔