EPAPER
Updated: January 23, 2021, 11:11 AM IST | Agency | Pune
پانچ مزدوروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس،کوروناکے ٹیکوں کے متاثر نہ ہونے پر اطمینان ، ان کی سپلائی جاری رہےگی
پونے میں کورونا کا ٹیکہ بنانے والے سیرم انسٹی ٹیوٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ۵؍ مزدوروں کی ہلاکت کے دوسرے دن وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے پونے کا دورہ کیا اور دوائیں بنانے والے اس انسٹی ٹیوٹ میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے سیرم انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ ادار پونا والاکے ساتھ پریس کانفرنس بھی کی جس میں مزدوروں کی ہلاکت پر افسوس کے اظہار کے ساتھ ہی اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ کورونا کے ٹیکے آتشزدگی سے متاثرنہیں ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اس بات کی جانچ ہوگی کہ آتشزدگی حادثہ تھا کسی تخریبی حرکت کا نتیجہ۔ اس موقع پر ادار پونا والا نے بتایا کہ آگ لگنے کی وجہ سے سیرم انسٹی ٹیوٹ کا ایک ہزار کروڑ سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آتشزدگی کی وجہ سے کورونا کے ٹیکے کے پروڈکشن یا اس کی سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہیں پڑیگی۔ انہوں نے بتایا کہ ’’ہم خوش قسمت ہیں کہ آتشزدگی کا سانحہ اس عمارت میں پیش آیا جو کورونا کے ٹیکوں کے لئے استعمال نہیں ہوتی۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’جس حصے میں آگ لگی وہاں دیگر بیماریوں کے ٹیکے تیار ہوتے تھے، ہم جلد ہی نقصان کی بھرپائی کرلیںگے۔‘‘ پونا والا نےبتایا کہ روٹا وائرس اور بی سی جی کے ٹیکے بنانے والے حصے کو آگ کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا ہےمگر کوشش کی جائے کہ ان کی سپلائی بھی متاثر نہ ہو۔