Inquilab Logo Happiest Places to Work

چیتا کیمپ : ۲؍ مکانات منہدم ، ۳؍سالہ بچہ ملبے سے نکالا گیا

Updated: September 04, 2020, 7:09 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

ان مکانات کے قریب کھیلنے والا ایک بچہ ملبے میں پھنس گیا تھا جسے مقامی افراد نے نکال کر اسپتال پہنچایا ۔ زیر علاج بچے کی حالت بہتر ہے

Cheeta Camp House Collapsed
دونوں مکانوں کا ملبہ ۔

یہاں چیتا کیمپ کے جے سیکٹر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب میں اچانک ۲؍ مکانات گراؤنڈ پلس ٹو منہدم ہوگئے۔ اس دوران یہاں کھیلنے والا ایک ۳؍سالہ بچہ ملبے میں پھنس گیا تھا جسے مقامی نوجوانوں نے مستعدی اور حاضر دماغی کا ثبوت دیتے ہوئے کافی مشقت کے بعد بحفاظت نکال لیا۔ یہ بچہ فی الحال زیر علاج  ہے اور اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے ۔  اچھی بات یہ رہی کہ ان مکانوں کے مکین پہلے ہی دوسری جگہ منتقل ہوچکے تھے۔ حادثے کے بعد آس پاس افراتفری مچ گئی۔
  چیتاکیمپ میں مقیم محمد رفیق شیخ ( سماجی رکن) نے نمائندہ کو بتایا کہ چیتا کیمپ کے جے سیکٹر ای لین کے روم نمبر ۱۳؍ ۱۴؍سیلوا نامی شخص  کے دونوں مکانات گراؤنڈ پلس ٹو تھے اور تقریباً ۲۵؍ برس پہلے تعمیر کئے گئے تھے ۔ مکان کی خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے مکینوں نے گھر خالی کردیا تھا ۔ البتہ ایک روم میں بیگ وغیرہ شاید بنایا جاتا تھا۔ اسلئے اس میں بیگ بنانے کا سامان رکھا ہوا تھا ۔ 
 رفیق شیخ نے مزید بتایاکہ بدھ اور جمعرات کی درمیان شب تقریباً ساڑھے ۱۰؍بجے اچانک دونوں مکانات ڈھہ گئے ۔ اس وقت  مکانات سے ملحق گلی میں کچھ بچے کھیل رہے تھے ۔ ان میں سے  ایک ۳؍ سالہ بچہ محمدمفاز ملبے کی زد میں آکر پھنس گیا تھا ۔ مکانات منہدم کے شورو غل سے آس پاس کے لوگ جائے وقوع پر پہنچ گئے اورفائر بریگیڈ کو اس کی اطلاع دی گئی ۔ مقامی نوجوانوں کو جوں ہی علم ہوا کہ  ایک لڑکاملبے میں پھنسا ہوا ہےتو انہوں نے فائر بریگیڈ ٹیم کا انتظار کئے بغیربچے کو ملبے کے نیچے سے نکالا۔  اس بچے کو قریب میں واقع جوپیٹر اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے ۔ 
 جائے وقوع کے قریب رہنے والے ایک شخص نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ گرنے والے مکانات کافی خستہ حال تھے اور مسلسل بارش ہونے کی وجہ سے ان کی دیوار بھیگ گئی تھی ۔ اچھی بات یہ تھی کہ یہ حادثہ رات کو پیش آیا اور  اگر یہ حادثہ دن میں ہوتا تو شاید کچھ دوسرے بھی زد میں آسکتے تھے کیوں کہ دونوں  مکان  کارنر کے تھے اور آس پاس سے لوگ اکثر گزرتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقامی کارپوریٹر شاہنواز بھی جائے وقوع پر پہنچ کر بی ایم سی کے ورکروں کے ذریعہ صفائی وغیرہ  کرانے میں  اہم رول ادا کیا ۔ پولیس نے حادثاتی معاملہ درج کرلیا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ فائر بریگیڈ اسٹیشن قریب میں ہی  ہے لیکن فائر بریگیڈ  اہلکاروں کو آنے میں تھوڑی تاخیر ہوئی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK