Inquilab Logo Happiest Places to Work

پارلیمنٹ میں راہل گاندھی کی تقریر کیج م کر مخالفت، کھل کر پزیرائی

Updated: February 05, 2022, 9:18 AM IST | Agency | New Delhi

سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہوئی، حکومت نے تقریر کی مخالفت اور اسے غیر اہم قراردینے کیلئے مرکزی وزیروں  کی پوری فوج اتار دی مگر پزیرائی میں اٹھنے والی آوازوں کو دبا نہیں سکی، یہ سوال بھی شدت سے پوچھا گیا کہ اگر راہل گاندھی اتنے ہی غیر اہم ہیں تو بی جےپی کو ان پر اتنے شدید حملوں کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی

Rahul Gandhi`s speech in Parliament on Wednesday is being appreciated.Picture:INN
پارلیمنٹ میں بدھ کو کی گئی راہل گاندھی کی تقریر کی پزیرائی کی جارہی ہے۔ تصویر: آئی این این

بدھ ۲؍ فروری کو صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک شکریہ  کے دوران  راہل گاندھی کی تقریر نے ہندوستانی سیاست میں ہلچل مچادی ہے۔ پارلیمنٹ اور اس کے باہر بی جے پی اوراس کے حامیوں نے جہاں راہل گاندھی کی  تقریرکی جم کر مخالفت کی وہیں ملک کے ایک بڑے طبقے نےاس کی کھلی حمایت بھی کی اور حکمراں  طبقے کو اس سوال کا سامنا کرنا پڑا کہ اگر راہل گاندھی  اس کی نظر میں اتنے ہی غیر اہم ہیں توان کی مخالفت میں اتنی شدت کیوں اختیار کرنی پڑ رہی ہے؟
مخالفت میں وزیروں اور وزرائے اعلیٰ کی فوج لگائی گئی
 پارلیمنٹ میں راہل گاندھی کی تقریر کے دوران ہی بی جےپی لیڈروں نے رخنہ اندازی کی کوشش کی گئی۔ اس کے بعد یہ مخالفت فوری طور پر ٹیلی ویژن چینلوں اور سوشل میڈیا پرشروع ہوگئی جو جمعہ کو جب یہ خبر لکھی جارہی ہے تب بھی جاری ہے۔  راہل گاندھی کی جس تقریر کی ملک کا سیکولر،سمجھدار اور انصاف پسند  طبقہ پزیرائی کررہا ہے اس کی مخالف  پر صرف بی جےپی کے آئی ٹی سیل کو نہیں لگایا گیا بلکہ پرلہاد جوشی  اور کرن رجیجو جیسے مرکزی وزیر اور وزیراعلیٰ تک کو  ذمہ داری سونپی گئی۔ پرلہاد جوشی نے تمام اخلاقیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے  کانگریس کے سابق صدر کو ’’کنفیوژڈ اور بے عقل لیڈر‘‘ تک کہہ دیا۔ سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ  ’’پپو‘‘  کے  ساتھ لگاتار دودنوں تک ٹرینڈ کیاگیا۔
سوشل میڈیا پر تقریر تیزی سے وائرل
  سوشل میڈیا پر راہل گاندھی کی اس تقریر کے شیئر ہونے کا سلسلہ جو بدھ کو شروع ہوا تھا جمعہ تک جاری ہے۔ اس بیچ این ڈی ٹی وی میں  ۵؍ لاکھ  افراد کے ذریعہ تقریر کے سنے جانے کےبعد اسے ہٹا دیئے جانے پرتنقیدیں بھی ہوئیں اور اندیشہ ظاہر کیا گیا کہ این ڈی ٹی وی نے ایسا کسی دباؤ کے تحت کیا ہے۔ بعد میں کانگریس نے اپنے  یوٹیوب چینل پر بھی تقریر کو اپ لوڈ کردیا جہاں  لاکھوں افراد اسے دیکھ چکے ہیں۔ کانگریس کے اراکین پارلیمان نے تو راہل گاندھی کی تقریر کی پزیرائی کی ہی ہے، دیگر پارٹیوں   کے لیڈروں اور سیاسی مبصرین نے بھی کانگریس لیڈر کی تعریف کی کہ اس تقریر کو ان کی اب تک کی سب سے اچھی تقریر قراردیا۔ 
 ہندوستان کو جملے ملے،چین کو روزگار
  کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر حملہ جمعہ کو بھی  جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ہندوستان کو صرف جملہ دیا جبکہ چین کو روزگار ملا۔ راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں مرکزی حکومت کوسخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اس نے سب سے زیادہ روزگار پیدا کرنے والے غیر منظم شعبے اور ایم ایس ایم ای کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ اب میک ان انڈیا کامطلب چین سے خریدنا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK