EPAPER
Updated: December 28, 2020, 12:29 PM IST | Khalid Abdulqayym Ansari | Bhiwandi
پارٹی کی خاتون وِنگ کی رضاکاروں نے بی جے پی پارلیمان کے دفتر کے سامنے زبردست احتجاج کیا
ب مرکزی حکومت کی جانب سے رسوئی گیس سلنڈرکی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے پش نظرا توار کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی(این سی پی) نے بی جے پی کے رکن پارلیمان کپل پاٹل کے دفتر کے سامنے تھالی بجا کراحتجاج کیا۔این سی پی کی خواتین شعبے کی صدر سواتی کامبلے کی قیادت میں خاتون رضاکاروں نے مرکزی حکومت کیخلاف زبردست نعرے بازی کی۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں بینر لئے ہوئے تھے جن پر ’’بہت ہوئی مہنگائی کی مار بس کرو مودی سرکار‘‘، ’’مودی تیرے راج میں کٹورا آگیا ہاتھ میں‘‘ ، ’’جھوٹا وعدہ مہنگائی زیادہ بند کرو مودی سرکار‘‘، جیسے حکومت مخالف اور مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس احتجاج میں شامل مظاہرین نے ایل پی جی کی قیمت میں بی جے پی حکومت کے اضافے کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے تھالی بجا کر حکومت کوبیدار کرنے کی کوشش کی۔مظاہرے میں شامل بیشتر خواتین بشمول سواتی کامبلے نے اپنے سر پر لکڑی کا گٹھارکھاہوا تھا اور وہ گیس کا سلنڈر بھی ساتھ لائی تھیں۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سواتی کامبلے نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں دسمبر میں دوسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ایک گیس سلنڈر پر تقریباً ۵۰؍روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ۵؍کلو گیس سلنڈروں پر۱۸؍روپے اور ۱۹؍ کلوگرام کے کمرشیل سلنڈروں پر ساڑھے ۳۶؍ روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کا اثر براہ راست گھر کی خواتین پر پڑتا ہے۔ شدید مہنگائی میںجب گھر چلانا مشکل ہوگیا ہےتو ایسے وقت میں گھریلو گیس سلنڈر میں اضافے سے غریب خاندان پر فاقہ کشی کی نوبت آگئی ہے۔ ملک کے عوام نے ’ مودی جی کے اچھے دن‘آنے کی خواہش میںاپنے اچھے دن بھی کھو دیا۔ خواتین نے حکومت سے درخواست کی کہ اب ان کے پرانے دن ہی واپس کردیئے جائیں۔
سواتی کامبلے نے اپنے خطاب میں مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی پر زبردست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مرکز میں کانگریس حکومت کے دوران جب ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا تھا تو اس وقت، موجودہ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے مہنگائی کے خلاف رقص کیا تھا۔ آج جب دسمبر کے مہینے میں ایل پی جی کی قیمت میں دو بار اضافہ ہوچکا ہے اور عوام مہنگائی سے پریشان ہے۔ایسے وقت میں این سی پی کی خواتین شعبہ مطالبہ کرتی ہے کہ اسمرتی ایرانی ان کے تھالی بجاؤ آندولن پر ایک مرتبہ پھر رقص کریں ۔مہنگائی کے خلاف اس احتجاج میں سواتی کامبلے کے ساتھ کارپوریٹر مطلوب سردار،آصف خان،رحمت شیخ،شبینہ نور علی،الکا گائیکواڑکے ساتھ بڑی تعداد میں کارکنان اور شہری شامل تھے۔