EPAPER
Updated: August 12, 2021, 8:40 AM IST | kazim shaikh | Mumbai
دیگر ۲؍ زخمی۔ بس ایک چال کے الیکٹرک باکس سے بھی ٹکراگئی ۔ لاپروائی سے گاڑی چلانے کے الزام میں ڈرائیور گرفتار
یہاں بیسٹ کی ایک بے قابو بس کی زد میں آکر ایک راہ گیر ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر ۲؍ زخمی ہوئے جنہیں اسپتال میں علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ پولیس نے لاپروائی کے الزام میں ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے اور معاملے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔
بھانڈوپ پولیس اسٹیشن کے ایک تفتیشی انسپکٹرنے بتایا کہ بدھ کی صبح تقریباً ۷؍بجکر ۱۵؍ منٹ پر وکھرولی بس ڈپو کی بس روٹ نمبر ۶۰۵؍ کھنڈی پاڑہ سے بھانڈوپ ریلوے اسٹیشن کی طرف جارہی تھی ۔ ببن نندا مانے (۵۴) بس ڈرائیور اور منوہر مان سنگھ راٹھوڑکنڈکٹر تھا۔ اشوک کیدار چوک کے قریب سڑک پرموڑکاٹتے وقت بس ڈرائیور کےقابو سے باہر ہوگئی اور قریب کی ایک چال سے متصل الیکٹرک باکس سے جا ٹکرائی۔ اسی دوران سامنے سے ایک آٹورکشا بھی آرہا تھا اور کنارے سے کئی راہ گیر چل رہے تھے۔ بس کی زد میں آکرراہ گیر پنڈلک بھگت (۷۰) ، رویندر پرکاش تیواری (۶۵) اور مکیش چندر اپادھیائے (۴۴) زخمی ہوگئے ۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اورتینوں راہ گیروں کو ملنڈ کے اگروال اسپتال لےجایا گیا جہاں علاج کے دوران ۹؍بجکر ۲۰؍ منٹ پر پنڈلک بھگت کی موت ہوگئی جبکہ دیگر دونوں زخمیوں کو علاج کے بعد گھرجانے کی اجازت دے دی گئی ۔ پولیس نے بس ڈرائیور ببن مانے کے خلاف لاپروائی سے گاڑی چلانے کا معاملہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے۔