Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرسمس اور نئے سال کے جشن کیلئے علاحدہ گائیڈ لائن کی ضرورت نہیں

Updated: December 22, 2020, 9:47 AM IST | Staff Reporter | Mumbai

ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ نےمزید کہا کہ مہاراشٹر میں پہلے ہی بیرون ملک کے مسافروں کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کروانے کا نظم ہے

Aslam Shaikh
ممبئی کے نگراں وزیر اسلم شیخ اظہار خیال کرتے ہوئے۔

ممبئی کے نگراں وزیراسلم شیخ  نے کرسمس اور نئے سال کے جشن کے تعلق سے کہا ہے کہ ان کیلئے کوئی علاحدہ گائیڈلائن جاری نہیں کی جائے گی۔ اسی دوران انہوں نے یہ بھی کہاکہ مہاراشٹر میں پہلے سے ہی بیرون  ملک کے باشندوں کا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کروانے کا نظم ہے لہٰذا کورونا سے متاثر ممالک کے شہریوں کا بھی آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ لازمی طور پر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ متعدد یوروپی ممالک میں کوورنا کی علامتوں میںتبدیلی آنے اور اس وائرس کے  انتہائی تیزی سے پھیلنے کے معاملا ت سامنے آنے کے بعد مرکزی حکومت نے۳۱؍ دسمبر تک برطانیہ (انگلینڈ)سے آنے والے ہوائی جہازوں پر ہندوستان آنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ 
 اس ضمن میں اسلم شیخ نے کہا کہ ’’کچھ یوروپی ممالک میں کورونا وائر س کی نئی علامتیں پائی گئی ہیں اور یہ وائرس انتہائی تیز ی سے پھیل رہا ہے۔اسی لئے آس پاس کے ملکو ں نے متاثرہ ممالک کے ہوائی جہازوں پر پابندی عائد کردی ہے۔ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ہم نےپہلے ہی ماہر ڈاکٹروں کی ٹاسک فورس بنا رکھی ہے جو حالات کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ لیتے ہیں۔آج ایسا نہیں لگتا کہ  متاثرہ ممالک سے آنےوالے ہوائی جہازوں کو بند کرنے کی ضرورت ہےلیکن آئندہ دنوں میں جس طرح ہم نے دہلی  سے آنے والے ہوائی جہاز کے ہر مسافر کیلئے کورونا کا ’آر ٹی پی سی آرٹیسٹ‘ لازمی قرار دیا تھا اسی طرح امریکہ  یا دیگر متاثرہ ممالک سے آنے والے ہوائی جہاز کے مسافروں کیلئے بھی ’آرٹی پی سی آر ٹیسٹ ‘لازمی قرار دینے کی ضرورت پڑے گی۔‘‘
 واضح رہے کہ انگلینڈ میں تیزی سے بڑھتے کوروناوائرس کے معاملات کو دیکھتے ہوئے مرکزی وزارت صحت  نے ۲۲؍ سے ۳۱؍ دسمبر تک برطانیہ سے آنے والے ہوائی جہاز پر پابندی عائد کر دی ہے۔ ۲۲؍ دسمبر سے قبل متاثرہ ممالک سے آنے والےمسافروں کا ہوائی اڈے پر آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیا جائے گا اور نگیٹیو آنے والے مسافروں کو بھی ۷؍ دن تک ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی نگرانی میں ہوم کوارینٹائن رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
 اسلم شیخ  کے مطابق  ’’نئے سال کے جشن یا کرسمس کیلئے حکومت کی جانب سے کسی طرح کی خصوصی رعایت دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔  شاپنگ  مالس ، ہوٹلس ،تھیٹرس ، ہاکرس  اور تقاریب کیلئے حکومت نے پہلے ہی گائیڈ لائن جاری کی ہے ۔ کرسمس اور نئے سال کی پارٹی میں بھی یہی گائیڈرہے گی۔ اگر کوئی ان کی خلاف ورزی کرتے ہوئے  پارٹی کا انعقاد کرتا ہے تو ا س کے خلاف پہلے بھی کارروائی کی گئی ہے اور آئندہ بھی یقینی طور پر کارروائی کی جائے گی ۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’ کورونا کم ضرور ہوا ہے لیکن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ جب تک یہ ختم نہیں ہوتا ،عوام کو احتیاط برتنا چاہئے اور حکومت کی گائیڈلائن پر عمل کرناچاہئے۔فی الحال نئے سال کی پارٹی وغیرہ بھی احتیاط کے ساتھ کریں اور کورونا ختم ہونے کے بعد پورے اہتمام سے پارٹی منائیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK